راجستھان-چھتیس گڑھ میں بنے سسٹم، 15 جون تک جاری رہیں گی پری مانسون سرگرمیاں

TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –7 JUNE

بھوپال، 7 جون : راجستھان اور چھتیس گڑھ میں دو موسمی نظام فعال ہیں۔ ان کی وجہ سے محکمہ موسمیات نے 15 جون تک ریاست کے کئی حصوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔ ادھر بحیرہ عرب میں بننے والے گرداب کی وجہ سے مانسون میں تاخیر کا امکان ہے، ریاست میں اس کا داخلہ جون کے آخری ہفتے تک ہوسکتا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق ریاست میں پری مانسون سرگرمیاں جاری رہیں گی۔ منگل کو بھی ریاست کے کئی حصوں میں بارش ہوئی۔ اس کے ساتھ ہی محکمہ موسمیات نے بدھ کو بھوپال، دیواس، دھار، بیتول، اجین، انوپ پور، ساگر، ڈنڈوری، چھندواڑہ، نیمچ، سیونی اور مندسور میں بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔ بھوپال، دیواس، دھار، بیتول اور اجین میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔ یہاں 40 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے آندھی بھی چل سکتی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں ساگر میں 04.8 ملی میٹر، بھوپال شہر میں 2.0 ملی میٹر، نرمداپورم میں 1.6 ملی میٹر پانی گرا ہے۔ گوالیار میں بھی ہلکی بارش ہوئی ہے۔
سینئر ماہر موسمیات ایچ ایس پانڈے نے بتایا کہ راجستھان اور چھتیس گڑھ میں گرداب اور دیگر نظام ابھی بھی سرگرم ہیں۔ اس کا اثر مدھیہ پردیش میں بھی نظر آئے گا۔ اس کی وجہ سے ریاست میں پری مانسون سرگرمیاں جاری رہیں گی۔ بدھ کو بھی دوپہر بعد بارش ہو سکتی ہے۔
بحیرہ عرب میں گرداب بننے کی وجہ سے مانسون آگے نہیں بڑھ پا رہا ہے۔ کیرالہ میں تاخیر سے پہنچنے کی وجہ سے مانسون مدھیہ پردیش میں بھی تاخیر سے آسکتا ہے۔ بدھ کی دوپہر تک دارالحکومت میں آسمان صاف رہے گا تاہم اس کے بعد کچھ علاقوں میں ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔ 8 جون کو بھی ایسا ہی موسم ہو سکتا ہے۔ 9 جون کو موسم صاف رہنے کا امکان ہے تاہم محکمہ موسمیات نے 10 جون کو تیز بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔