TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN -14 JUNE
سہسرام ( انجم ایڈوکیٹ ) روہتاس پولس نے ایم ایس موٹرس پارٹس دکان کے مالک اختر حسین اور انکے بیٹے آصف رضا کے اغوا کیس سراغ اور گرفتاری کا خلاصہ کر دیا ہے ۔ مغوی تاجر باپ بیٹے کو روہتاس پولس اور ایس ٹی ایف کی خصوصی ٹیم نے سہسرام مفصل تھانہ علاقہ کے امرا تالاب میں واقع ایک نیم تیار مکان سے بحفاظت بازیاب کرایا ہے ۔ آج ایس پی ونیت کمار نے پریس کانفرنس کر بتایا کہ مورخہ 11 جون 2023 کو مغوی اختر حسین کے بیٹے شاداب اختر نے ڈہری نگر پولس اسٹیشن میں اطلاع دی تھی کہ مورخہ 10 جون 2023 کی رات 8 بجے کے قریب والد اور بھائی اپنی دکان بند کرنے کے بعد اپنی موٹر سائیکل سے اورنگ آباد ضلع کے سیرس کے لئے روانہ ہوئے لیکن گھر نہیں پہنچے اور اغوا کاروں نے موبائل سے 3 کروڑ روپئے تاوان کا مطالبہ کیا ۔ ایف آئی آر درج کر ڈہری نگر پولس اسٹیشن کی ٹیم اور اورنگ آباد کے بارون تھانہ کی پولس کے ساتھ تال میل کرکے ضروری کارروائی شروع کی گئی، ایس پی نے بتایا کہ ڈہری نگر پولس اسٹیشن کے صدر کم ٹرینی ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولس محمد عادل بلال کی قیادت میں پولس افسروں اور اہلکاروں کی 12 رکنی خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی اور پٹنہ سے ڈی آئی یو ٹیم اور ایس ٹی ایف کی ٹیم نے اغوا کاروں کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارنا شروع کر دئے جسکے بعد سہسرام مفصل تھانہ علاقہ امرا تالاب علاقہ میں چھاپہ مارا گیا تبھی مغوی باپ بیٹے کو وہاں واقع ایک نیم تعمیر شدہ مکان سے اغوا کاروں سے بحفاظت آزاد کرا لیا گیا، اسکے ساتھ ہی روہتاس پولس کی اسپیشل ٹیم اور ایس ٹی ایف کی تکنیکی مدد سے اغوا کرنے کے ماسٹر مائنڈ اشوک شاہ عرف اشوک ماسٹر کو ناصری گنج تھانہ علاقہ کے ہریہر گنج گاؤں سے گرفتار کیا گیا ۔ ایس پی نے بتایا کہ گرفتار ماسٹر مائنڈ اشوک شاہ عرف اشوک ماسٹر نے کیس میں ملوث ہونے کا اعتراف کرتے ہوئے اغوا میں ملوث دیگر ساتھیوں کے نام بھی ظاہر کئے ہیں اور اغوا میں ملوث چھوٹو رام کو بھی شاہ پور گاؤں سہسرام مفصل تھانہ علاقہ سے گرفتار کیا گیا ہے ۔ پولس نے گرفتار اغوا کاروں سے ہائی جیکنگ میں استعمال ہونے والی ایک اپاچی موٹر سائیکل، تین کی پیڈ موبائل فون، ایک اینڈرائیڈ موبائل فون، دو پیکٹ نوٹ بک اور ایک لیپ ٹاپ کے ساتھ ساتھ ہائی جیکنگ کے لئے ایک کاغذی روٹ چارٹ بھی برآمد کیا ہے ۔ ایس پی ونیت کمار نے بتایا کہ دونوں گرفتار اغوا کاروں کی مجرمانہ تاریخ طویل ہے ۔ گرفتار اشوک شاہ عرف اشوک ماسٹر پر ماضی میں اغوا، ڈکیتی اور اسلحہ ایکٹ جیسے سنگین جرائم کا بھی الزام ہے، اسکے ساتھ ہی اغوا کے اس معاملے میں تقریباً 13 اغوا کاروں کے ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے جنکی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں ۔ واضح ہو کہ اغوا کے 24 گھنٹے کے اندر روہتاس پولس اور ایس ٹی ایف نے دو اغوا کاروں کو گرفتار کر مغوی باپ بیٹے کو اغوا کاروں کے چنگل سے آزاد کرا کر ایک بڑی کامیابی حاصل کی ہے ۔ جسکے باعث اغوا کس کی تفتیش میں شامل پولس افسران و اہلکاروں کو انعام دینے کی سفارش کی گئی ہے ۔