TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –28JUNE
بھٹکل،28جون:مانسون کی شروعات سے پہلے ہی ٹی ایم سی کی طرف سے برساتی پانی کی نکاسی کے لئے بنائے گئے نالوں کی صفائی کرنا اور کوڑا کچرا نکال پانی کی نکاسی کے لئے راستہ صاف کرنا معمول ہونے کے باوجود ہر سال اس میں کوتاہی دیکھی جاتی ہے جس کے نتیجہ میں شہر کے کئی علاقوں میں برساتی پانی گھروں میں گھسنے اور سیلابی صورتحال پیدا ہونے کی بات سامنے آتی رہتی ہے۔
اب کی بار بھی شہر کی حالت کچھ مختلف نہیں ہے اس لئے کئی علاقوں میں برساتی پانی سے سیلابی کیفیت پیدا ہونے کا خطرہ لاحق ہے، کیونکہ برسات کا موسم تاخیر سے شروع ہونے کے بعد بھی بہت سارے علاقوں میں نالوں کی صفائی اور نکالی گئی مٹی اور کچرا ہٹانے کا کام ابھی ادھورا پڑا ہوا ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ مانسون کی آمد سے دو مہینے قبل ہی ٹی ایم سی نے برساتی نالوں کی صفائی اور کچرا ہٹانے کے لئے 9 لاکھ روپوں کا ٹھیکہ منظور کیا تھا۔ اور ٹھیکیدار کو خصوصی ہدایت دی گئی تھی کہ شمس الدین سرکل، رنگین کٹّہ، سلمان آباد، منکولی جیسے علاقوں میں نالوں کی صفائی اور پانی نکاسی کی راہ ہموار کرنے کا کام ترجیحی بنیاد پر پہلے مکمل کیا جائے۔ لیکن اب جبکہ بارش شروع ہوچکی ہے تو دیکھا جا رہا ہے ان اہم علاقوں میں سے بعض جگہ نالوں کی صفائی کا کام ابھی پورا نہیں ہوا ہے۔ شمس الدین سرکل پر برساتی پانی جمنے کے بعد مزدوروں کو نالوں سے مٹی اور کچرا نکالتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔ اس کے علاوہ کئی علاقے ایسے ہیں جہاں نالوں سے کچرا نکالا تو گیا مگر اسے ہٹانے کا کام پورا نہیں کیا گیا۔ نالوں کے کنارے ہی سڑکوں پر کچرے اور مٹی کا ڈھیر چھوڑ دیا گیا ہے جو تیز برسات ہوتے ہی واپس نالوں میں چلا جاتا ہے یا پھر سڑکوں پر بہنے لگتا ہے۔ بعض علاقوں کے ذمہ داران کہتے ہیں کہ نالوں کی صفائی اور برساتی پانی کی نکاسی کے سلسلے میں شکایت کرنے کے باوجود ٹی ایم سی کی انتظامیہ اس پر کوئی اقدام نہیں کر رہی ہے۔ اس ضمن میں ٹی ایم سی چیف آفیسر ایم کے سریش کہتے ہیں کہ نالوں سے نکالا گیا کچرا ہٹانے کا کام ہو رہا ہے، قلی مزدوروں کی کمی سے وجہ سے اس کام میں تھوڑی رکاوٹ ہو رہی ہے۔ عوام کا کہنا ہے کہ ٹی ایم سی چیف آفیسر، ایڈمنسٹریٹر اسسٹنٹ کمشنر اور متعلقہ افسران اگر اس مسئلہ کو سنجیدگی سے نہیں لیتے تو پھر ہر سال کی طرح امسال بھی برساتی پانی سے آنے والے سیلاب کا نقصان دکانداروں اورعام لوگوں کو ہی بھگتنے کے لئے تیار رہنا ہوگا۔