سیکورٹی فورسز کے ساتھ ہجوم کی جھڑپ؛ بی جے پی لیڈروں کے گھروں کو نذر آتش کرنے کی کوشش

TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN -17 JUNE

امپھال، 17جون:امپھال میں شہر کے پیلس کمپاؤنڈ علاقے میں آگ لگانے کی کوشش کرنے والے 1000 کے ہجوم پر ریپڈ ایکشن فورس کی طرف سے ربڑ کی گولیاں اور آنسو گیس فائر کرنے کے بعد کم از کم دو شہری زخمی ہو گئے۔ آراے ایف نے 300 کے قریب ایک اور ہجوم کو بھی منتشر کیا۔ رات دیر گئے تھونگجو میں وزیر تھونگم بسواجیت کے گھر میں توڑ پھوڑ کی کوشش کی۔کل رات پورے امپھال میں تشدد کی کوشش، ہجوم کی شر پسندی کے متعدد واقعات رپورٹ ہوئے۔ امپھال میں پورمپٹ کے قریب ریاستی بی جے پی صدر اے شاردا دیوی کے گھر میں توڑ پھوڑ کرنے کی کوشش میں ہجوم اکٹھا ہوا تھا، جب کہ فوج کی ایک ٹکڑی نے ہجوم کو منتشر کردیا جس نے سنگھجمی میں بی جے پی کے دفتر کا گھیراؤ کیا تھا۔ بعد میں، فوج، آسام رائفلز، آر اے ایف اور پولیس کے مشترکہدستوں نے امپھال مشرقی ضلع میں فلیگ مارچ کیا۔امپھال ویسٹ کے ایرنگ بام پولیس اسٹیشن سے بھی ہتھیار لوٹنے کی کوشش کی گئی۔ تاہم کوئی اسلحہ چوری نہیں ہوا۔حکام نے بتایا کہ اس سے پہلے دن میں، جمعہ کو امپھال شہر کے اندر ہجوم نے سڑکوں پر رکاوٹیں کھڑی کیں اور املاک کو نذر آتش کر دیا۔اس کے علاوہ، مرکزی وزیر آر کے رنجن سنگھ کے گھر پر حملہ کیا گیا اور اسے جلانے کی کوشش کی گئی۔ ایک ریٹائرڈ قبائلی آئی اے ایس افسر کا شاہی محل کے قریب ایک گودام جمعہ کو مکمل طور پر جلادیا گیا۔سیکورٹی گارڈز اور فائر فائٹرز نے ہجوم کی طرف سے آتش زنی کی کوششوں پر قابو پالیا ہے ۔حکام نے بتایا کہ گروپ نے وانگکھی، پورمپٹ اور تھنگا پت علاقوں میں سڑکوں کے درمیان ٹائر، لاگ اور کچرے کو بھی جلا یا جس سے منی پور کے دارالحکومت میں ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔منی پور میں گاؤں کے محافظوں کی جوابی ہڑتال میں نو ہلاک ہو گئے۔ایک ماہ قبل منی پور میں میتی اور کوکی برادری کے لوگوں کے درمیان ہونے والے نسلی تشدد میں 100 سے زیادہ لوگ اپنی جانیں گنوا چکے ہیں۔ریاستی حکومت نے ریاست میں افواہوں کو پھیلنے سے روکنے کے لیے 11 اضلاع میں کرفیو نافذ کر دیا ہے اور انٹرنیٹ خدمات پر پابندی لگا دی ہے۔3 مئی کو پہلی بار جھڑپیں اس وقت شروع ہوئیں جب پہاڑی اضلاع میں میٹی کمیونٹی کی طرف سے شیڈول ٹرائب (ایس ٹی) کا درجہ دینے کے مطالبے کے خلاف احتجاج کے لیے ‘قبائلی یکجہتی مارچ’ کا انعقاد کیا گیا۔