شامی کارکنوں کو لے جانے والی گاڑی دوسری سے ٹکرا گئی

TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –7 JUNE

عمان ،7جون: اردن کے مشرق میں مفرق گورنری کے علاقے شمالی بادیہ میں ایک خوفناک ٹریفک حادثے میں 9 افراد جاں بحق اور 12 زخمی ہو گئے۔ذرائع نے العربیہ ڈاٹ نیٹ کو بتایا کہ یہ حادثہ دو ٹرانسپورٹ گاڑیوں کے تصادم کے نتیجے میں پیش آیا۔ جن میں سے ایک اس علاقے کے کھیتوں میں کام کرنے والے شامی کارکنوں کو لے جا رہی تھی۔ مقامی ذرائع کے مطابق حادثہ بغداد انٹرنیشنل روڈ کے جنوب میں کھیتوں کی طرف جانے والی ثانوی سڑک پر پیش آیا۔ایک طبی ذریعے نے بتایا کہ متاثرین کو 3 سپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔ یہ شمالی بادیہ کے سرکاری ہسپتال، معارف سرکاری ہسپتال اور کنگ طلال ملٹری ہسپتال ہیں۔ ذرائع نے مزید کہا نعشیں اردن کے شمالی اردن میں واقع فرانزک میڈیسن سنٹر میں منتقل کی جائیں گی۔انتظامیہ کا کہنا تھا کہ مسافروں کو ان مقامات پر بھی سوار کیا گیا تھا جو اس مقصد کے لیے مختص نہیں تھے۔ ٹرانسپورٹ گاڑیوں کے پچھلے باکس میں مسافروں کو سوار کرنے سے اموات کی تعداد میں اضافہ ہوا۔ حادثہ کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔