فلمیں دنیا کو دیکھنے کے دریچے : گیریتھ وین اوون

TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN -13 JUNE

اُردو یونیورسٹی میں G20 فلم فیسٹول کا افتتاح

حیدرآباد، 13؍ جون :فلمیں دنیا کو دیکھنے کے دریچے ہوتے ہیں جو ہمیں ان ممالک کا مشاہدہ کرواتے ہیں جنہیں ہم نے نہیں دیکھا۔ فلمیں سرحدوں سے پرے اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کو جوڑنے کی طاقت رکھتی ہیں۔ فلم آر آر آر نے ہندوستان کو ساری دنیا میں شہرت دی۔ G20 ، تمام 20 ممالک کو ہم آہنگی سے کام کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ تاکہ ہم مل کر چیلنجس و مسائل کو حل کرتے ہوئے ایک ساتھ آگے بڑھیں۔ G20 فلم فیسٹول کا انعقاد مانو کا بہترین اقدام ہے۔ ان خیالات کا اظہار جناب گیریتھ وائن اوون، برٹش ڈپٹی ہائی کمشنر (حیدرآباد) نے آج مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی میں انسٹرکشنل میڈیا سنٹر کے زیر اہتمام G20 یونیورسٹی کنیکٹ پروگرام کے تحت منعقدہ G20 فلم فیسٹول کے افتتاحی پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پروفیسر سید عین الحسن، وائس چانسلر نے صدارت کی۔ فلم فیسٹول 15؍ جون تک جاری رہے گا جس میں G20 ممالک کی 17 فلمیں دکھائی جائیں گی۔ فلم فیسٹول کے تحت G20 ممالک کے تہذیب و ثقافت کو ان ممالک کی فلموں کے ذریعہ پیش کیا جارہا ہے۔
پروفیسر سید عین الحسن نے صدارتی خطاب میں کہا کہ اپنی ثقافت کا اظہار، G20 تقاریب کا ایک حصہ ہے اور آئی ایم سی، مانو نے G20 کی ہندوستانی صدارت کو اس خصوصی پروگرام کے ذریعہ بھرپور انداز میں پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ مانو تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ مختلف میدانوں جیسے حیاتیاتی تنوع (بائیو ڈائیورسٹی)، کیمپس کے فروغ کے لیے سخت محنت کر رہا ہے۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ مرکز اور ریاست سے یونیورسٹی کو دو اہم ایوارڈ حاصل ہوئے ہیں۔
پروفیسر شگفتہ شاہین، او ایس ڈی I و صدر نشین، جی 20 کیمپس کنیکٹ پروگرام نے کہا کہ جی 20 ممالک ایک ساتھ مل کر اقتصادیات، ثقافت اور دیگر شعبوں میں کام کریں گے تو بہتر نتائج ضرور حاصل ہوں گے۔ جناب رضوان احمد، ڈائرکٹر آئی ایم سی نے خیر مقدم کیا۔ جناب عمر اعظمی، پروڈیوسر نے کارروائی چلائی۔ جناب امتیاز عالم، ریسرچ آفیسر نے شکریہ ادا کیا۔ بڑی تعداد میں فلمی شائقین، طلبہ اور اساتذہ نے شرکت کی۔ اس موقع پر فلم آر آر آر کی اسکریننگ کی گئی