لُو لگنے سے مزید 5 افراد کی موت، اب تک 73افراد ہلاک

TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –22 JUNE

بلیا، 22جون:اتر پردیش کے بلیا ضلع میں چلچلاتی گرمی اور ہیٹ اسٹروک سے اب تک تقریباً 73 افراد کی موت ہو چکی ہے۔منگل کو بھی 5مریضوں کی موت ہو ئی ہیجس کی تصدیق ضلع انتظامیہ نے بدھ کو کی تاہم انتظامیہ کی چوکسی کی وجہ سے اب صورتحال بہتر ہو رہی ہے۔ سی ایم ایس ایس کے یادو نے کہا کہ ضلع اسپتال کو تین زون پیلا، ہرا اور لال میں تقسیم کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ وارڈز میں اے سی اور کولر کا بھی انتظام کیا جا رہا ہے۔ ایس کے یادو کے مطابق سنگین مریضوں کو ریڈ زون میں رکھا جا رہا ہے اور وہاں اے سی کا انتظام کیا گیا ہے۔ یلو زون میں کولرز کا انتظام ہے۔ گرین زون میں ایسے مریض ہیں جن میں لُو لگنے کی معمولی علامات ہیں۔ اس کے علاوہ 276 بستروں کا علاحدہ انتظام کیا گیا ہے۔ اہم بات یہ ہے کہ گزشتہ 6دنوں میں بلیا ضلع اسپتال میں 73مریضوں کی موت ہوئی ہے۔ محکمہ صحت ہیٹ اسٹروک کو اموات کی وجہ قرار دے رہا ہے۔ تاہم اب اس معاملے پر سیاست بھی شروع ہو گئی ہے۔ حکومت کی جانب سے یہ بھی کہا جارہا ہے کہ تمام اموات ہیٹ اسٹروک کے سبب نہیں ہوئی ہیں۔ ان کی جانچ چل رہی ہے لیکن اپوزیشن پارٹیوں خاص طور پر سماج وادی پارٹی کا کہنا ہے کہ اموات کی اصل تعداد چھپائی جارہی ہیکیوں کہ صرف بلیا ضلع میں ایک ہفتے کے اندر 150 سے زائد اموات ہوئی ہیں۔ دوسری جانب محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ گرمی بڑھنے اور بجلی کٹوتی سے اموات بھی ہوسکتی ہیں۔ اگرچہ مرنے والوں میں زیادہ تر معمر افراد ہیں جو کہ سنگین بیماریوں میں مبتلا تھے۔ ریاستی وزیر ڈاکٹر سنجے نشاد نے کہا کہ یہ ایک خدائی آفت ہے۔ میں اس پر اپنے دکھ کا اظہار کرتا ہوں۔ حکومت نے ایک انکوائری ٹیم تشکیل دی ہے اورتفتیش کے بعد مقتول کے لواحقین کی مالی مدد کی جائے گی۔ اس سے قبل وزیر ٹرانسپورٹ دیاشنکر سنگھ نے کہا تھا کہ گرمیوں میں اموات کی شرح بڑھ جاتی ہے۔