منشیات سے پاک ہندوستان کا ہدف حاصل کرے گاملک: شاہ

TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN -26 JUNE

نئی دہلی، 26 جون : مرکزی وزیر داخلہ اور امداد باہمی امت شاہ نے کہا کہ ہم منشیات سے پاک ہندوستان کا ہدف حاصل کریں گے۔ اس سمت میں تیزی سے کام کیا جا رہا ہے۔ وزارت داخلہ نے منشیات کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی ہے۔ ملک بھر میں تقریباً 06 لاکھ کلو گرام منشیات کو تباہ کیا جاچکا ہے۔
شاہ نے پیر کو’’منشیات کے غلط استعمال اور غیر قانونی اسمگلنگ کے خلاف عالمی دن” کے موقع پر ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ ہمارا عزم ہے کہ ہم بھارت میں منشیات کی تجارت نہیں ہونے دیں گے اور نہ ہی بھارت کے راستے سے منشیات کو کہیں باہر جانے دیں گے‘‘۔
شاہ نے کہا کہ منشیات کے خلاف اس مہم میں ملک کے تمام بڑے ادارے بالخصوص ’نارکوٹکس کنٹرول بیورو‘ اپنی جنگ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اس مہم کو مضبوط بنانے کے لیے وزارت داخلہ نے 2019 میں نیشنل نارکوٹکس کوآرڈینیشن پورٹل (اینکارڈ) قائم کیا ہے۔ ملک کی ہر ریاست کے محکمہ پولیس میں انسداد منشیات ٹاسک فورس (اے این ٹی ایف) تشکیل دی گئی، جس کی پہلی قومی کانفرنس اپریل 2023 میں دہلی میں منعقد ہوئی۔
شاہ نے کہا کہ منشیات کے استعمال اور مضر اثرات کے خلاف مہم کو مناسب فورمز کے ذریعے قومی سطح پر جنگی بنیادوں پر چلایا جا رہا ہے۔ منشیات کے خلاف ہماری جامع اور مربوط لڑائی کا اثر ہے کہ جہاں 2006-13 میں صرف 768 کروڑ روپے کی منشیات پکڑی گئی تھیں وہیں 2014-22 میں یہ تقریباً 30 گنا بڑھ کر 22 ہزار کروڑ روپے تک پہنچ گئی اور منشیات کاکاروبار کرنے والوں کے خلاف پہلے کے مقابلے میں181 فیصد زیادہ کیسز درج کئے گئے ہیں۔ جون 2022 میں، ہم نے ضبط شدہ منشیات کے دوبارہ استعمال کو روکنے کے لیے ایک ضبطگی مہم کا آغاز کیا، جس میں اب تک ملک بھر میں تقریباً 06 لاکھ کلو گرام ضبط شدہ منشیات کوناکارہ بنایا جا چکا ہے۔
شاہ نے کہا کہ چاہے بات منشیات کی کھیتی کو تباہ کرنے کی ہو یا عوامی بیداری کی، وزارت داخلہ تمام اداروں اور ریاستوں کے ساتھ تال میل میں “منشیات سے پاک ہندوستان” کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے، لیکن یہ جنگ عوامی شراکت کے بغیر نہیں جیتی جا سکتی۔ شاہ نے کہا کہ وہ تمام ہم وطنوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اپنے آپ کو اور اپنے خاندان کو منشیات سے دور رکھیں۔ اس کے غلط استعمال کے خلاف اس جنگ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ اپنے اردگرد ہونے والے منشیات کے کاروبار کے بارے میں سیکورٹی اداروں کو آگاہ کریں۔