TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –27JUNE
سعودی عرب،27جون :حج کے مناسک کا آغاز یوم ترویہ سے ہوا، لاکھوں لوگوں نے منی کی خیمہ بستی میں قیام کیا، اس دوران منیٰ میں تعینات سکیورٹی اہلکاروں نے اپنی ڈیوٹی کے دوران عازمین حج سے مثالی رویہ اختیار کیا اور لوگوں کے دل موہ لیے۔ ایک طرف ان گارڈز کے ہاتھ لوگوں کے کاموں میں مصروف نظر آئے تو دوسری طرف ان کے چہروں کی مسکراہٹ عازمین کو خوشیاں دیتی رہی۔سعودی گارڈز نے ضیوف الرحمن کی خدمت کی بہترین مثالیں قائم کیں۔۔سعودی سکیورٹی والوں کے انسانی ہمدردی کے رویہ کی شاندار مناظر دیکھنے میں آئے ہیں۔شدید دھوپ اور گرمی کے ماحول میں مقدس مقامات سے گزرنے والے اور قیام کرنے والے دنیا بھر سے آئے مختلف قومیتوں کے افراد کے اجتماع میں سکیورٹی اہلکاروں نے بھی خوشیاں بانٹنے میں حصہ ڈالا۔ منیٰ کے وقوف کے دوران پوری دنیا کو پیغام دیا گیا کہ مختلف ثقافتوں اور زبانوں کے افراد ایک دوسرے کے ساتھ گھل مل گئے اور ایک جیسے اعمال سر انجام دے رہے ہیں۔حج کے عظیم فریضہ کو ادا کرنے والوں کی راحت کے لیے سکیورٹی اہلکاروں نے گزرنے والے افراد کے سروں پر پانی کا سپرے کیا تاکہ گرمی کا اثر کچھ کم کیا جا سکے۔ گم ہوجانے والے اور راستہ بھول جانے والوں کی بھرپور رہنمائی کی گئی۔ سعودی گارڈز بڑی تعداد میں معمر افراد کی مختلف کاموں میں مدد کرتے دکھائی دیتے رہے۔ہمدردی، رحم دلی اور بھائی چارے کے ان مناظر سے دیکھنے والوں کے دل موہ لیے۔ بڑی تعداد میں سکیورٹی اہلکار مسکراتے چہرے کے ساتھ حاجیوں کو راحت پہنچانے کے لیے کام کرتے نظر آئے۔