نوواک جوکووچسب سے زیادہ 23 گرینڈ سلیم جیتنے والے مرد کھلاڑی بنے،نڈال کو پیچھے چھوڑ ا

TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN -12 JUNE

پیرس، 12جون: نوواک جوکووچ ٹینس کی تاریخ میں سب سے زیادہ گرینڈ سلیم خطاب جیتنے والے مرد کھلاڑی بن گئے ہیں ۔ انہوں نے اتوار کی رات کھیلے گئے فرنچ اوپن کے فائنل میں کیسپر روڈ کو شکست دے کر 22 بار کے گرینڈ سلیم چیمپئن رافیل نڈال کو پیچھے چھوڑ دیا۔ سربیا کے 36 سالہ جوکووچ نے تین گھنٹے 13 منٹ تک جاری رہنے والے میچ میں 7-6، 6-3، 7-5 سے کامیابی حاصل کی۔ وہ نڈال سے ایک خطاب اور اب ٹینس سے ریٹائر ہو چکے راجر فیڈرر سے تین خطاب آگے ہیں۔
ہر گرینڈ سلیم تین سے زیادہ مرتبہ جیتنے والے پہلے مرد کھلاڑی بھی ہیں جوکووچ
رولینڈ گیروس میں 14 بار کے چیمپئن نڈال اس بار انجری کی وجہ سے نہیں کھیل رہے تھے۔ جوکووچ یہاں 2016 اور 2021 میں بھی خطاب جیت چکے ہیں۔ وہ ٹینس کی تاریخ میں کم از کم تین بار ہر گرینڈ سلیم جیتنے والے پہلے مرد کھلاڑی بن گئے۔ وہ دس آسٹریلین اوپن، سات ومبلڈن ، تین یو ایس اوپن اور تین فرنچ اوپن جیت چکے ہیں۔ اس تاریخی فتح پر نوواک جوکووچ نے کہا’’میں نے سات سال کی عمر میں گرینڈ سلیم جیت کر عالمی نمبر ایک بننے کا خواب دیکھا تھا۔ میں خوش قسمت ہوں کہ آج یہاں کھڑا ہوں۔ میں تمام نوجوانوں کو پیغام دینا چاہوں گا کہ خود پر بھروسہ کریں اور اپنا مستقبل طے کریں‘‘۔
سب سے زیادہ 23 گرینڈ سلیم جیتنے والے مرد کھلاڑی
وہ ایک بار پھر ایک کیلنڈر سال میں تمام گرینڈ سلیم جیتنے کے راستے پر گامزن ہیں۔ راڈ لیور نے یہ کارنامہ 1969 میں انجام دیا تھا جسے اس کے بعد کوئی نہیں دہرا سکا۔ جوکووچ 2021 میں آسٹریلین اوپن، فرنچ اوپن اور ومبلڈن جیت کر اس ریکارڈ کے قریب پہنچے تھے ، لیکن یو ایس اوپن کے فائنل میں ڈینئل میدویدیف سے ہار گئے۔ ومبلڈن 3 جولائی سے آل انگلینڈ کلب پر کھیلا جائے گا۔ جوکووچ کورونا وبا کے دوران ویکسین نہ لگوانے کی وجہ سے آسٹریلین اوپن اور یو ایس اوپن نہیں کھیل سکے۔ اس خطاب کے ساتھ جوکووچ نے 23 مرتبہ کی گرینڈ سلیم چیمپئن سرینا ولیمز کی بھی برابری کر لی جنہوں نے گزشتہ سال ٹینس سے ریٹائرمنٹ لے لی تھی۔ مارگریٹ کورٹ نے امیچیور دور میں 24 خطاب جیتے ہیں لیکن اوپن دور میں جوکووچ اور سرینا کو برتری حاصل ہے۔