واشنگٹن کے قریب جواب نہ دینے والے جہاز کے تعاقب میں جیٹ طیاروں کی پرواز، جہاز گر کر تباہ

TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –5 JUNE

واشنگٹن،5جون: امریکہ کے دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی کی فضا کے قریب ایک چھوٹا طیارہ نظر آیا جس کے پائلٹ کی جانب سے ایئر ٹریفک کنٹرول کو کوئی جواب نہیں دیا جا رہا تھا۔ اس وقت امریکہ کے ایف 16 جنگی جہاز فضا میں تیزی سے نمودار ہوئے لیکن اسی دوران چھوٹا طیارہ گر کر تباہ ہو گیا۔رپورٹ کے مطابق امریکی حکام کا کہنا تھا کہ دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنے والا طیارہ ریاست ورجینیا کے پہاڑوں میں گر کر تباہ ہوا ہے۔فضا میں نامعلوم طیارے کی موجودگی کی خبروں کے سبب واشنگٹن ڈی سی میں موجود لوگ پریشانی کا شکار ہوئے۔ قبل ازیں امریکی جنگی جہاز سونک بوم کے ساتھ اس چھوٹے سیسنا طیارے کی جانب لپکے تھے۔ واضح رہے سونک بوم اس وقت بنتی ہے جب طیارے آواز سے بھی زیادہ تیز رفتار سیمیں فضا میں سفر کرتے ہیں۔ سونک بوم ایسی آواز ہوتی ہے جس سے محسوس ہوتا ہے جیسے کوئی دھماکہ ہوا ہو۔وائٹ ہاؤس نے کہا ہیکہ صدر جو بائیڈن کو، جو اس وقت جوائنٹ بیس اینڈریوز پر گولف کھیل رہے تھے، “اس واقعے کے بارے میں آگاہ کیا گیا” ، اس نے یہ بھی کہا ہیکہ اڈے پر سونک بوم کی آواز بہت مدھم سی سنی جا سکتی تھی۔اطلاعات کے مطابق 12 افراد کی کی گنجائش والے سیسنا طیارے میں چار افراد سوار تھے۔جہازوں کی ٹریکنگ کرنے والی ویب سائٹ ’فلائٹ آویر‘ کے مطابق یہ سیسنا جہاز فلوریڈا میں ’اینکیور موٹرز آف میلبرن‘ نامی کمپنی کی ملکیت تھا۔کمپنی کے مالک جان ریمپل کا امریکہ کے اخبار ’واشنگٹن پوسٹ‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اس جہاز میں سوار افراد میں ان کی بیٹی، نواسی اور آیا شامل ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ وہ اس جہاز کے تباہ ہونے سے متعلق لاعلم ہیں۔ وہ حکام سے رابطے میں ہیں۔شمالی امریکہ کی ایئرواسپیس ڈیفنس کمانڈ (این او آر اے ڈی) کا کہنا تھا کہ امریکہ کی فوج نے طیارے کے پائلٹ سے رابطہ کرنے کوشش کی لیکن اس کی جانب سے کسی قسم کا جواب نہیں دیا۔ جہاز کے ورجینیا میں جارج واشنگٹن نیشنل فاریسٹ میں گرنے تک پائلٹ سے کوئی رابطہ نہیں ہو سکا تھا۔بعض اطلاعات یہ بھی ہیں کہ یہ جہاز خود کار طریق? کار ’آٹو پائلٹ‘ پر پرواز کر رہا تھا۔ایئرواسپیس ڈیفنس کمانڈ کا بیان میں کہنا تھا کہ جنگی جہازوں کو سپر سانک اسپیڈ میں اس جہاز کی جانب پرواز کی ہدایت کی گئی جس کے سبب سونک بوم پیدا ہوا جس کو اس علاقے میں موجود افراد نے سنا ہوگا۔بیان میں واضح کہا گیا کہ جنگی جہازوں نے سیسنا طیارے کے پائلٹ کو متوجہ کرنے کی بھی کوشش کی۔امریکی حکام کا دعویٰ ہے کہ جہاز کی تباہی کا سبب لڑاکا طیارہ نہیں ہے۔امریکی فیڈرل ایوی ایشن اتھارٹی (ایف اے اے) کا بیان میں کہنا تھا کہ تباہ ہونے والے جہاز نے ریاست ٹینیسی کے ایلزبتھ میونسپل ایئرپورٹ سے پرواز بھری تھی جب کہ وہ نیویارک میں میک آرتھر ایئرپورٹ جا رہا تھا۔ایف اے اے نے نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ کے ہمراہ اس جہاز کی تباہی کے واقعے کی تحقیقات کا اعلان کیا ہے۔