TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –25 JUNE
نوئیڈا، 25 جون:اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے اتوار کو گوتم بدھ نگر ضلع میں 1718 کروڑ روپے کے مختلف ترقیاتی پروجیکٹوں کا افتتاح کیا اور سنگ بنیاد رکھا۔
نوئیڈا اسٹیڈیم میں منعقدہ پروگرام میں اپنے خطاب میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ آج ہندوستان وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں دنیا میں ایک نئی شناخت بنا رہا ہے۔ جبکہ اپوزیشن ہندوستان کے اس ترقی کے سفر میں تعطل پیدا کر رہا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے ایمرجنسی کو لے کر کانگریس پر حملہ کیا اور سماج وادی پارٹی کو بھی گھیرا۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ 48 برس پہلے کانگریس نے ایمرجنسی کے ذریعے جمہوریت کا گلا گھونٹنے کی کوشش کی تھی۔ اس وقت جمہوریت کے جنگجوؤں نے متحد ہو کر کانگریس کی اس سازش کی مخالفت کی۔ جمہوریت کو بچایا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت لوک نائک جے پرکاش کی قیادت میں ایک بڑی تحریک چلی تھی، جس میں اٹل بہاری واجپئی، ایل کے اڈوانی سمیت پوری اپوزیشن کانگریس کی اس سازش کے خلاف متحد تھا۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ آج ہندوستان وزیر اعظم مودی کی قیادت میں ایک نئی شناخت بنا رہا ہے۔ ہندوستان عالمی سطح پر ایک بہتر ماحول بنانے کے لیے کام کر رہا ہے۔ آج ہندوستان امرت کال میں چل رہا ہے۔ جے ڈی یو، ایس پی، آر ایل ڈی اور دیگر پارٹیاں کانگریس کے ساتھ مل کر اس سفر کو روکنے کے لیے متحد ہو کر کام کر رہی ہیں، لیکن ملک کے عوام سب کچھ جانتے ہیں اور ان کے بدعنوان کارناموں کو بھی جانتے ہیں۔ اس لیے عوام ایک بار پھر انہیں 2024 کے لوک سبھا انتخابات میں سبق سکھائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ آج ہندوستان جی-20 ممالک کی صدارت کر رہا ہے۔ جی-20 دنیا کی 65 فیصد آبادی اور اس کے 80 فیصد وسائل پر مشتمل ہے۔ ہندوستان کو مثبت سوچ کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا۔ اپنی منفی سوچ کی وجہ سے 1947 میں پیدا ہونے والا پاکستان آج غربت کا شکار ہے۔ ہندوستان جس طرح ترقی کا سفر جاری رکھے ہوئے ہے، 2027 تک یہ دنیا کی تیسری سب سے بڑی معیشت بن جائے گی۔