ٹیم انڈیاکے دورۂ ویسٹ انڈیز کے شیڈول میں ہوسکتی ہے تبدیلی

TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –22 JUNE

نئی دہلی ،22 جون :ہندوستانی ٹیم جولائی کے آغاز میں ویسٹ انڈیز کے دورے پر روانہ ہوگی۔ روہت شرما کی کپتانی میں ٹیم انڈیا اس دورے کا آغاز 2 میچوں کی ٹیسٹ سیریز سے کرے گی۔ اس سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ 12 جولائی کو کھیلا جانا ہے۔ لیکن اب اس کا شیڈول تبدیل کیا جا سکتا ہے۔ ویسٹ انڈیز کی ٹیم اس وقت آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ کوالیفائرز میں شرکت کر رہی ہے اور وہ 9 جولائی تک ہی وطن واپس جا سکے گی۔ٹیم کو 12 جولائی سے بھارت کیخلاف پہلا ٹیسٹ میچ کھیلنا ہے۔ ایسے میں ونڈیز ٹیم کے کچھ کھلاڑیوں کو تیاری کے لیے صرف 3 دن ملیں گے۔ ہندوستان کو ڈومینیکا میں پہلا ٹیسٹ میچ کھیلنا ہے۔ ونڈیز ٹیم کو ہرارے سے روزو پہنچنے میں 2 دن لگیں گے۔ایسے میں میچ کے ری شیڈول ہونے کی بہت زیادہ توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔کرکٹ ویسٹ انڈیز محدود اوورز اور ٹیسٹ فارمیٹس میں مختلف ٹیموں کو میدان میں اتارتا ہے۔ لیکن کچھ کھلاڑی ایسے ہیں جو دونوں فارمیٹس میں ٹیم کے لیے اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ اس میں جیسن ہولڈر، کائل میئرز، روسٹن چیس اور الزاری جوزف کے نام شامل ہیں۔ کرکٹ ویسٹ انڈیز کی جانب سے کہا گیا کہ کرکٹ ورلڈ کپ کوالیفائر کا فائنل میچ زیادہ اہمیت نہیں رکھتا۔ اس وجہ سے ہمارے ٹیسٹ کھیلنے والے کھلاڑی پہلے واپس آئیں گے۔ لیکن اس کے لیے ہمارے لیے پہلے فائنل میں پہنچنا بہت ضروری ہے۔اس دورے کے لیے ہندوستانی ٹیم کا اعلان جون کے آخر میں کیا جا سکتا ہے۔ اس ٹیسٹ سیریز میں ٹیم انڈیا میں کچھ نئے کھلاڑیوں کو موقع ملنے کی امید ہے۔ اس میں سرفراز خان کا نام نمایاں طور پر شامل ہے۔ اس دورے پر ٹیسٹ سیریز کے بعد ٹیم انڈیا کو میزبان ٹیم کے خلاف 3 ون ڈے اور 5 میچوں کی T20 سیریز بھی کھیلنی ہے۔