چین نے ہمیشہ امریکی عوام سے امیدیں وابستہ رکھی ہیں: شی جن پنگ، بل گیٹس کی گفتگو

TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN -16 JUNE

بیجنگ،16جون:چینی رہنما شی جن پنگ نے جمعہ کو اپنے امریکی دوست بل گیٹس کو بتایا کہ چین نے ہمیشہ ہماری امیدیں امریکی عوام میں رکھی ہیں۔ آپ وہ پہلے امریکی دوست ہیں جن سے میں اس سال بیجنگ میں ملا ہوں۔سرکاری اخبار ’’پیپلز ڈیلی‘‘ کے مطابق شی نے مزید کہا کہ ہم نے ہمیشہ امریکی عوام سے اپنی امیدیں وابستہ کی ہیں اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان مسلسل دوستی کی امید کی ہے۔ شی جن پنگ نے بل گیٹس سے مبینہ گفتگو میں کہا کہ میں آپ کو دیکھ کر بہت خوش ہوں، ہم تین سال سے زیادہ عرصے سے نہیں ملے تھے۔آپ وہ شخص ہیں جس نے چین کے ترقیاتی کاموں کے لیے بہت اچھے کام کیے ہیں اور آپ ہمارے پرانے دوست ہیں۔مائیکرو سافٹ کمپنی کے مالک اور دنیا کے امیر ترین شخصیات میں سے ایک بل گیٹس چین کا دورہ کرنے والے ان متعدد مغربی کاروباری رہنماؤں میں شامل ہیں جنہوں نے کووڈ 19 وبا کے خاتمے کے بعد چین کا دورہ کیا ہے۔ بل گیٹس کا گزشتہ چار سالوں میں چین کا یہ پہلا دورہ ہے۔سرکاری میڈیا کے مطابق شی جن پنگ کے ساتھ ملاقات میں گیٹس نے موجودہ صورتحال اور چین کے ساتھ تعاون کے مستقبل کے بارے میں اپنے خیالات پیش کئے۔انہوں نے کہا کہ چین نے غربت کے خاتمے اور کوویڈ 19 کی وبا سے نمٹنے میں دنیا بھر کی توجہ مبذول کرانے میں بڑی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ اس طرح چین نے دنیا کے لیے ایک اچھی مثال قائم کی ہے۔قبل ازیں بل اور ملنڈا گیٹس فاونڈیشن نے چین کو ملیریا اور تپ دق کے خلاف اس کی کوششوں میں جمعرات کے روز 50 ملین ڈالر کی مدد دینے کا اعلان کیا۔بل گیٹس نے بیجنگ میں واقع گلوبل ہیلتھ ڈسکوری انسٹی ٹیوٹ (جی ایچ ڈی ڈی آئی) کو بیجنگ میونسپل اور سنگھہوا یونیورسٹی کے تعاون سے تیار کیا ہے۔گیٹس فاونڈیشن نے اعلان کیا کہ وہ جی ایچ ڈی ڈی آئی کے ساتھ اپنے تعاون کی تجدید کرے گا۔فاونڈیشن کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اس امداد کا مقصد “تپ دق اور ملیریا جیسی متعدی بیماریوں سے دنیا بھر میں لوگوں کی زندگیاں بچانے کے لیے صحت سے متعلق اقدامات کو بہتر بنانا ہے کیونکہ یہ بیماریاں سب سے زیادہ غریبوں کو متاثر کرتی ہیں۔”بل گیٹس بیجنگ میں صحت اور ترقی کے عالمی شراکت داروں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔بل گیٹس سے قبل ٹیسلا کے سی ای او ایلن مسک اور ایپل کے سی ای او ٹم کک سمیت کئی اہم تجارتی رہنما بھی حالیہ مہینوں میں چین کا دورہ کرچکے ہیں۔جے پی مورگن چیز کے سی ای او جیمی ڈائمن اور ٹیسلا کے سی ای او ایلن مسک نے گزشتہ ماہ چین کا دورہ کیا تھا۔مسک کی کمپنی کی چین میں بڑے پیمانے پر تجارتی سرگرمیاں ہیں، انہوں نے شنگھائی کے نواح میں بیجنگ اور ٹیسلا کے افسران سے ملاقات کی تھی۔ایپل کے سی ای او ٹم کک بھی مارچ میں بیجنگ گئے تھے اور انہوں نے کہا تھا کہ چین کے ساتھ ان کی کمپنی کے “باہمی” تعلقات ہیں۔ایلن مسک اور ٹم کک نے چین کے وزیر اعظم لی قیانگ اور اعلیٰ معاشی عہدیداروں نیز کابینی وزراء￿ کے ساتھ بھی ملاقات کی تھی۔جمعرات کے روز جی ایچ ڈی ڈی آئی میں تقریر کرتے ہوئے بل گیٹس نے کہا کہ “چین نے غربت کے خاتمے اور صحت کی صورت حال کو بہتر بنانے کے لیے ملک کے اندر نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔”انہوں نے مزید کہا، “مجھے امید ہے کہ چین موجودہ چیلنجز، بالخصوص جو افریقی ملکوں کو درپیش ہیں، سے نمٹنے میں زیادہ بڑا کردار ادا کرسکتا ہے۔”خیال رہے کہ چین کی حکمراں جماعت چین کی سست رو معیشت کو بہتر بنانے کے لیے غیر ملکی مفادات کو بحال کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔