گھر کے اوپر سے بجلی کا تار نہیں ہٹانے پر گاؤں والوں نے کیا احتجاج۔

TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –25 JUNE     

ارریہ :- ( مشتاق احمد صدیقی ) ارریہ بلاک کی چکنی پنچایت دو نونیاری ٹولہ میں ایک دن پہلے بجلی کا تار ٹوٹنے سے لوگوں میں افراتفری مچ گئی تھی، کئی گھروں میں آگ بھی  لگ گئی تھی، یہی نہیں کچن میں کام کرنے والی ایک لڑکی بال بال بچ بھی گئی تھی۔گاؤں والوں نے بتایا کہ اس کے بارے میں نونیاری ٹولہ  میں ایک سو گھر کی آبادی ہے، جن میں تقریباً پانچ سو افراد رہتے سہتے ہیں، جہاں بستی کی گنجان آبادی میں رہنے والے لوگوں کے گھروں کے اوپر سے گیارہ ہزار کا تار پاس کیا گیا ہے جہاں بجلی کے تار اکثر گرتے رہتے ہیں۔گاؤں کے لوگوں نے بتایا کہ یہاں دس سے زائد بار تار ٹوٹ چکے ہیں، چند روز قبل ایک شخص کی موت ہوگئی تھی جبکہ اور ایک شخص زخمی ہواتھا، اس سنگین مسئلے کے بارے میں ایم ایل اے اور ایم پی سمیت عوامی نمائندوں کو بھی آگاہ کیا گیا، لیکن کسی نے ہمارے اس خطرناک مسئلہ کو سنجیدگی سے نہیں لیا۔ جس کی وجہ سے ایک بار پھر تار ٹوٹ کر نیچے گر گیا، جس سے ایک بڑا حادثہ ہوا، اور ایک بچی بال بال بچ گئی۔ اس گاؤں کے لوگوں کا الزام ہے کہ بجلی محکمہ، ایم ایل اے اور ایم پی ہمارے اس مسئلے کو سنجیدگی سے نہیں لے رہے ہیں، جس سے ہمیں یہ احساس ہورہاہے ہے کہ یہ لوگ کسی بڑے حادثے کا انتظار کر رہے ہیں اور تبھی اس جانب پہل کرین گے۔ گزشتہ کل گاؤں والوں نے محکمہ بجلی، ایم ایل ایے اور ایم پی کے خلاف شدید احتجاج کیا، نعرے لگائے، گاؤں والوں نے کہا کہ جب تک یہ مسئلہ حل نہیں ہوتا، ہم گھر کے اوپر سے 11 ہزار میٹر بجلی کے تار کو نہیں جانے دیں گے۔ اس احتجاجی مظاہرہ میں جھولانند، کولانند، گیارانند، پھولانند، جگ دیو سنگھ، رام دیو، شکنتلادیوی، میرا دیوی، مکھیا نمائندہ ایم کوثر عالم اور وارڈ ممبران بھی موجود تھے۔ مختلف اخبارات کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے مکھیا محمد کوثر عالم نے کہاکہ اگر یہ مسئلہ جلد حل نہ کیا گیا تو یہاں کسی بھی وقت بڑا حادثہ رونما ہو سکتا ہے، اس لئے محکمۂ توانائی کو چاہئے کہ اس جانب پہل کرتے ہوئے بجلی تار کے گزرنے کے روٹ کو تبدیل کرلیں، نفی کی صورت میں اس سے بھی بڑا احتجاجی مظاہرہ ہوگا اور یہاں کے لوگوں کی تحریک جاری رہےگی۔