TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN -09 JULY
پٹنہ، 09 جولائی: بہار کی سیاست میں اس بات کو لے کر کافی بحث ہورہی ہے کہ چراغ پاسوان کی پارٹی ایل جے پی (رام ولاس) ایک بار پھر این ڈی اے اتحاد میں شامل ہو گی یا اس سے الگ راہ اختیار کرے گی۔ بی جے پی نے 18 جولائی کو دہلی میں این ڈی اے کی میٹنگ بلائی ہے، جس میں چراغ پاسوان کی شرکت کا امکان ہے۔ ان سب کے درمیان چراغ پاسوان نے اتوار کے روز پارٹی کی میٹنگ طلب کی۔ اس میں پارٹی لیڈروں نے متفقہ طور پر چراغ پاسوان کو اتحاد پر فیصلہ لینے کا اختیار دیا۔
میٹنگ کے بعد ایل جے پی (رام ولاس) کے قومی جنرل سکریٹری ارون کمار نے کہا کہ آج کی میٹنگ میں قومی صدر چراغ پاسوان نے پارٹی کے لیڈروں کے ساتھ اتحاد پر تبادلہ خیال کیا۔ ’بہار فرسٹ۔ بہاری فرسٹ‘ کی قرارداد کو آگے بڑھاتے ہوئے پارٹی لیڈروں نے اتفاق رائے سے چراغ پاسوان کو اتحاد کا فیصلہ لینے کا اختیار دیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ گزشتہ بہار اسمبلی انتخابات کے دوران چراغ پاسوان کی پارٹی نے این ڈی اے سے علیحدگی اختیار کر لی تھی۔ این ڈی اے سے الگ ہونے کے بعد بھی چراغ بی جے پی کے خلاف کبھی کھل کر سامنے نہیں آئے اور براہ راست اور بالواسطہ طور پر بی جے پی کی حمایت کرتے رہے۔ اب جبکہ لوک سبھا انتخابات قریب آرہے ہیں، تو ایک بار پھر چراغ کی این ڈی اے میں واپسی تقریباً یقینی مانی جا رہی ہے۔
اتحاد پر فیصلہ لینے کے لئے چراغ نے پارٹی رہنماو?ں کے ساتھ میٹنگ کی ہے۔ میٹنگ سے عین قبل مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ نتیانند رائے نے چراغ سے ملاقات کی۔ کہا جا رہا ہے کہ دہلی میں بی جے پی کی اعلیٰ قیادت سے بات چیت کے بعد چراغ این ڈی اے میں واپسی کا اعلان کر سکتے ہیں۔