الحرا، شریف کالونی میں ”مسلم معاشرے کا تعلیمی معیار” کے موضوع پر پروگام کا انعقاد

TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –22 JULY      

پٹنہ22 جولائی(پریس ریلیز) الحرا پبلک اسکول، شریف کالونی میں  جمعرات کو  ’’مسلم معاشرے کا تعلیمی معیار‘‘(Educational Standard of Muslim Society) کے موضوع پر ایک پروگرام کا انعقاد کیا گیا  جس میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے ایسو سی ایشن آف مسلم پروفیشنلز کے صدر عامر ادریسی اوربہار،جھارکھنڈ کے ریاستی صدر ریاض عالم نے شرکت کی۔ اس موقع پر عامر ادریسی نے طلبہ و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ اپنے ہدف کو اونچا رکھیے۔  جتنا اونچا ہدف ہوگا کامیابی اسی کے حساب سے ملے گی۔ انہوں نے کہا  کہ موجودہ مقابلہ جاتی دور میں طلبہ و طالبات کو بہترین بننے کی کوشش کرنی چاہیے۔ بہترین صلاحیت والے افراد کو کہیں بھی نظر انداز نہیں کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں سسٹم کا  رونا بند کر کے اپنی صلاحیتوں میں نکھار پیدا کرنا چاہیے۔ معاشرے کو ابھی بھی بہترین ڈاکٹرز، انجینئرز، وکیل اور صحافی کی ضرورت ہے۔
اس موقع پر ایسو سی ایشن آف مسلم پروفیشنلز کے بہار، جھارکھنڈ کے ریاستی صدر ریاض عالم نے الحراء شریف کالونی کی کوششوں کی ستائش کی اور کہا کہ یہاں کی بچیاں ملک اور قوم کا مستقبل ہیں۔ الحراء نے دوسرے اسکولوں کے لیے ایک مثال قائم کی ہے۔ اپنی افتتاحی گفتگو میں اسکول کے ڈائرکٹر محمد انور نے مہمانوں کا استقبال کرتے ہوئے کہا کہ ملت کا درد رکھنے والے یہ لوگ تعلیم کے شعبے میں بڑا کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ و طالبات کی ان کے مقصد اور ہدف کے تعلق سے وقتاً فوقتاً رہنمائی بہت ضروری ہے۔ آج کا یہ پروگرام اسی حصے کی ایک اہم کڑی ہے۔پروگرام سے الحراء پبلک اسکول، شاہ گنج کے ڈائرکٹر ڈاکٹر نذیر احمد، ڈاکٹر اسد اللہ اور ڈاکٹر ظفر عالم عمری نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر الحراء ٹیٹوریلز کے انچارج توحید القمر نے مسلمانوں کی تعلیمی صورتحال پر ایک تفصیلی رپورٹ پیش کی۔ پروگرام کا آغاز درجہ ہشتم کے حافظ معاذ اقبال کی تلاوت اور درجہ نہم کے حافظ سید ضیا تنویر کے ترجمہ سے ہوا۔ کلثوم اختر درجہ ہفتم نے اپنی  مترنم آواز میں نعت پیش کی۔ جب کہ درجہ نہم اور دہم کی طالبات نے علامہ اقبال کی معروف نظم’’ ہر لحظہ ہے مومن کی نئی شان نئی آن ‘‘ کورس میں پیش کیا۔اس سے قبل درجہ نہم کے طلبہ و طالبات کے درمیان ایک دلچسپ اور معلوماتی کوئز کا بھی انعقاد کیا گیا۔ جس میں درجہ نہم کے نصاب اور اسلامیات پر مشتمل معروضی سوالات کیے گئے۔ کوئز میں درجہ نہم کی طالبات کی ٹیم فاتح رہی۔ کوئز کی نظامت سلمان غنی نے کی۔ حکم کے فرائض فضل کریم قاسمی اور سرفراز عالم نے ادا کیے۔محفوظ عالم کوئز کے اسکورر رہے اور کوئز کی ڈئزائنگ ناطق حسین نے کی ۔ پروگرام کی نظامت توحید القمر نے کی۔ پروگرام کے اختتام پر اسکول کی بچیوں نے اسکول کی منظوم دعا پیش کی۔ ڈائریکٹر محمد انور کے اظہار تشکر پر پروگرام کا اختتام ہو ا۔