TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –25 JULY
نئی دہل،25جولائی: انڈیا بلاک کے اپوزیشن ارکان پارلیمنٹ نے منگل کو کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے کے چیمبر میں منی پور تشدد پر پارلیمنٹ میں حکومت کو گھیرنے کی حکمت عملی تیار کرنے کے لیے اجلاس میں شرکت کی اور دونوں ایوانوں میں وزیر اعظم نریندر مودی کے جامع بیان کے اپنے مطالبے کو دہرایا۔ذرائع کے مطابق ‘انڈیا’ کی جماعتوں نے لوک سبھا میں حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا فیصلہ کیا ہے۔ کھڑگے کے کمرے میں منعقدہ اجلاس میں آر جے ڈی، عام آدمی پارٹی، ترنمول کانگریس اور دیگر پارٹیوں کے لیڈروں نے شرکت کی۔اجلاس کے بعد کھڑگے نے ٹوئٹر پر لکھا ’’منی پور میں 83 دنوں تک جاری رہنے والے تشدد کے لیے وزیر اعظم نریندر مودی کو پارلیمنٹ میں ایک جامع بیان دینے کی ضرورت ہے۔ وہاں کی ہولناکیاں اب آہستہ آہستہ منظر عام پر آ رہی ہیں۔ ‘انڈیا’ منی پور تشدد پر مودی حکومت سے جواب مانگتا ہے۔‘‘شمال مشرق کی صورتحال کو نازک قرار دیتے ہوئے اپوزیشن لیڈر نے ایوان بالا میں کہا کہ “یہ ہماری حساس سرحدی ریاستوں کے لیے بہتر نہیں ہے۔ اب وقت آ گیا ہے کہ وزیر اعظم مودی اپنا تکبر چھوڑیں اور منی پور پر ملک کو اعتماد میں لیں۔‘‘انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم مودی کو بتانا چاہئے کہ ان کی حکومت صورتحال کو بہتر بنانے کے لئے کیا کر رہی ہے اور منی پور میں معمولات کب بحال ہوں گے؟