TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –14 JULY
سری نگر،14جولائی: جنوبی ضلع شوپیاں کے گاگرن گاوں میں مشتبہ دہشت گرد نے کو غیر مقامی مزدوروں پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں تین افراد زخمی ہوئے جنہیں علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا۔شوپیاں کے گاگرن گاوں میں اس وقت سنسنی کا ماحول پھیل گیا جب مشتبہ ملی ٹینٹوں نے غیر مقامی مزدوروں پر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں تین مزدور زخمی ہوئے جنہیں فوری طورپر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا۔جس رہائش گاہ میں مزدور رہ رہے تھے وہ سیکورٹی فورسز کے کیمپ سے تقریباً 150 میٹر کے فاصلے پر ہے۔ فائرنگ کی اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی اہلکار موقع پر پہنچ گئے۔ حکام نے بتایا کہ زخمی مزدوروں کو قریبی اسپتال لے جایا گیا اور ابتدائی طبی امداد کے بعد انہیں ایس ایم ایچ ایس اسپتال ریفر کردیا گیا۔زخمیوں کی شناخت انمول کمار، ہیرا لال اور پنٹو کے بطور کی گئی ہے۔ تینوں کا تعلق بہار کے سپول ضلع سے ہے۔ دریں اثنا سیکورٹی فورسز نے ایک وسیع علاقے کو محاصرے میں لے کر فرا رہونے کے سبھی راستوں پر پہرے بٹھا دئے ہیں۔ایس ایم ایچ ایس اسپتال کے باہر بالم دیو ٹھاکر نے بتایا کہ ان کا بھتیجا شدید زخمی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی کسی سے کوئی دشمنی نہیں ہے اور یہاں 20 کے قریب غیر مقامی لوگ رہتے ہیں جو مزدوری کرتے ہیں۔ سب کرائے کے مکانوں میں رہتے ہیں۔