TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –30 JULY
واشنگٹن،30جولائی: جولائی ختم ہونے سے پہلے ہی سائنس دانوں نے کہہ دیا ہے کہ یہ معلوم انسانی تاریخ کا گرم ترین مہینہ بن چکا ہے۔ انسانی تہذیب نے اس سے زیادہ گرمی کبھی نہیں دیکھی۔ اب بات گلوبل وارمنگ سے آگے نکل رہی ہے۔ زمین تپ نہیں رہی بلکہ دہک رہی ہے۔موسمیات کے عالمی اداروں نے کہا ہے کہ 2023 کا جولائی ایک لاکھ 20 ہزار برسوں کا سب سے گرم مہینہ بن رہا ہے۔والڈ میٹروجیکل آرگنائزیشن اوریورپی یونین کے موسمیاتی ادارے کوپر نیکس کلائمیٹ چینج سروس نے کہا ہے کہ جولائی کی گرمی سابقہ ریکارڈ توڑنے کی سطح سے کہیں آگے نکل گئی ہے۔ عمومی طور پر ریکارڈ اس وقت ٹوٹتا ہے جب درجہ حرارت میں ایک ڈگری کے دسویں حصے کے برابر اضافہ ہوجائے۔ لیکن اس ماہ کے دوران ہونے والا اضافہ 2019 میں قائم ہونے والے ریکارڈ سے0.6 ڈگری یعنی ریکارڈ بنانے کے لیے درکار سطح سے چھ گنا زیادہ ہے۔