TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN -06 JULY
نئی دہلی ،06جولائی:دہلی شراب پالیسی گھوٹالہ معاملے میں ملزم دہلی کے سابق نائب وزیر اعلی منیش سیسودیا نے سپریم کورٹ میں ضمانت کی درخواست دائر کی ہے۔ سیسودیا نے سی بی آئی اور ای ڈی دونوں معاملوں میں سپریم کورٹ میں ضمانت کی درخواست دائر کی ہے۔ دہلی ہائی کورٹ نے دونوں معاملوں میں ضمانت دینے سے انکار کر دیا تھا۔ سی بی آئی معاملے میں سیسودیا کی ضمانت کی عرضی ہائی کورٹ نے 30 مئی کو مسترد کر دی تھی، جب کہ ای ڈی معاملے میں ضمانت کی عرضی کو دہلی ہائی کورٹ نے 3 جولائی کو مسترد کر دیا تھا۔ ضمانت کی عرضی کو مسترد کرتے ہوئے عدالت نے کہا تھا کہ منیش سسودیا دہلی حکومت میں ایک بااثر عہدے پر فائز ہیں۔ ایسے میں ضمانت پر گواہوں کے متاثر ہونے کے امکان کو رد نہیں کیا جا سکتا۔دہلی کے سابق نائب وزیر اعلی اور وزیر تعلیم منیش سیسودیا کو ایکسائز معاملے میں سی بی آئی اور ای ڈی کی جانچ کا سامنا ہے۔ سیسودیا 26 فروری سے جیل میں ہیں۔ حال ہی میں، وہ 103 دنوں کے بعد اپنی بیوی سیما سیسودیا سے ملے۔ اس ملاقات کے بعد سیما سیسودیا نے ٹوئٹر پر ایک خط بھی جاری کیا تھا۔