TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –22 JULY
دبئی، 22جولائی:سری لنکا کی مایہ ناز کھلاڑی جنہوں نے ’پول والٹ‘ کھیل میں قومی ریکارڈ قائم کیے تھے، اب دبئی میں گھریلو ملازمہ کے طور پر کام کرنے پر مجبور ہیں۔متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میڈیا کے مطابق پچھلے سال سے 24 سالہ سچنی پریرا نے ملک میں جاری کرنسی بحران اور اپنی بیمار والدہ کے طبی اخراجات سے نمٹنے کیلئے اپنے کھیل کے خواب ترک کردیئے۔ایک سال سے زائد عرصے سے وہ دبئی میں ملازمہ کے طور پر کام کر رہی ہیں، انہوں نے اپنے پہلے انٹرویو میں کہا کہ لگتا ہے اب یہی میری دنیا ہے۔سچنی پرامید ہیں کہ قدم بہ قدم ان کے حالات بہتر ہوجائیں گے، وہ کہتی ہیں کہ میں کام جاری رکھوں گی اور ایک دن پھر سے کھیل کے میدان میں واپس جاؤں گی۔وہ گھریلو ملازمہ کے طور پر ایک بچے کی دیکھ بھال کرتی ہیں اور گھر کے دوسرے کام بھی کرتی ہیں۔دبئی میں بھی سچنی ایک ٹریننگ شیڈول پر عمل پیرا ہیں، کام کے بعد وہ ورزش کرتی ہیں۔یو اے ای میڈیا نے دبئی میں سری لنکا کے قونصل جنرل الیکسی گوناسکارا کو سچنی کے متعلق بتایا تو انہوں نے کہا کہ وہ امارات میں ہی سچنی کیلئے کھیلوں سے متعلقہ ملازمت ڈھونڈنے کی کوشش کر رہے ہیں۔سری لنکن قونصل جنرل نے بدھ کو اسپورٹس حکام کے ساتھ سچنی کی ملاقات کروائی۔