TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –30 JULY
ابوظہبی ،30جولائی: عالمی رہنماؤں کی جانب سے ہفتہ کو متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان سے ان کے بھائی اور ابوظبی کے حکمران کے نمائندے شیخ سعید بن زاید آل نہیان کے انتقال پر تعزیت کا سلسلہ جاری رہا۔شیخ سعید کی موت کا اعلان جمعرات کی صبح کیا گیا تھا۔ صدارتی دربار نے اس سے قبل ایک بیان میں بتایا تھا کہ وہ علیل ہیں۔ ان کی وفات پر ملک میں تین روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا۔ہفتے کو مراکش کے بادشاہ محمد ششم، موریطانیہ کے صدر محمد اولد شیخ الغزوانی، مالدیپ کے صدر ابراہیم محمد صالح، پیراگوئے کے صدر ماریو عبدو بینیٹیز اور پیراگوئے کے نو منتخب صدرسینٹیاگو پینا نے فون کے ذریعے متحدہ عرب امارات کے صدر اور آل نہیان خاندان سے تعزیت کا اظہار کیا۔اس سے قبل جمعہ کو وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے ابوظبی کے قصر المشرف میں متحدہ عرب امارات کے صدر سے ملاقات میں تعزیت اظہار کیا اور مرحوم شیخ سعید کے لیے مغفرت، سلامتی اور رحمت کی دعا کی۔پاکستانی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں بتایا ہے کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری 30 جولائی کو متحدہ عرب امارت کا دورہ کریں گے اور وزیر خارجہ متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید اور دیگر قیادت سے تعزیت کریں گے۔سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے جمعے کو تعزیتی پیغام بھیجا۔دیگر عالمی رہنماؤں میں اردن کے شاہ عبداللہ دوم، مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی، تونس کے صدر قیس سعید ، ترک صدر رجب طیب ایردوآن، عراق کے وزیر اعظم محمد شیعہ السودانی اور لبنان کے وزیر اعظم نجیب میقاتی نے گہرے افسوس اور تعزیت کا اظہار کیا۔عمان کے سلطان ہیثم نے شیخ محمد کو تعزیتی کیبل بھیجا جبکہ عرب پارلیمنٹ کے صدر عادل العسومی نے بھی تعزیت کی۔سعودی عرب کے وزیر مملکت اور وزراء کونسل کے رکن ڈاکٹر منصور بن مطیب بن عبدالعزیز آل سعود اور عراق کی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد الحلبوسی نے بھی قصر المشرف میں متحدہ عرب امارات کے صدر سے ملاقات میں تعزیت کا اظہار کیا۔متحدہ عرب امارات کے صدر کو اس سے قبل دبئی کے ولی عہد اور دبئی کی ایگزیکٹو کونسل کے چیئرمین شیخ حمدان بن محمد بن راشد آل مکتوم کی جانب سے تعزیتی کال موصول ہوئی۔ اس کے علاوہ دبئی کے پہلے نائب حکمران شیخ مکتوم بن محمد بن راشد آل مکتوم، دبئی کے دوسرے نائب حکمران شیخ احمد بن محمد بن راشد آل مکتوم، دبئی سول ایوی ایشن اتھارٹی کے چیئرمین شیخ احمد بن سعید آل مکتوم، دبئی ایئرپورٹس کے چیئرمین، ایمریٹس ایئر لائن اینڈ گروپ کے چیئرمین اور چیف ایگزیکٹو ، وزراء ، اعلیٰ حکام اور سوگواروں کی ایک بڑی تعداد نے بھی رنج و غم اور تعزیت کا اظہار کیا۔شیخ محمد نے اس سے قبل ایک ٹویٹ میں اپنے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ “میرے بھائی سعید بن زاید کے انتقال سے متحدہ عرب امارات نے ایک وفادار بیٹا کھو دیا ہے جو اپنے ملک اور اس کے لوگوں کے لیے وقف تھا۔”انہوں نے کہا کہ “ہم دعا کرتے ہیں کہ خدا انہیں ابدی راحت عطا فرمائے اور ہمیں اس وقت میں صبر اور تسلی نصیب ہو۔