TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN -02 JULY
کلکتہ ،02جولائی:مغربی بنگال کے گورنر سی وی آنند بوس نے تشدد سے متاثرہ کوچبہار ضلع کی صورتحال کا جائزہ لیا، جہاں رات کو دوبارہ جھڑپیں ہوئیں۔ یہ جانکاری افسران نے دی ہے۔ حکام نے بتایا کہ ہفتہ کی رات دنہاٹا علاقے میں ہونے والی جھڑپوں میں پانچ افراد زخمی ہوئے۔ پولیس نے بتایا کہ زخمیوں میں ترنمول کانگریس کے امیدوار کے خاندان کا ایک فرد بھی شامل ہے۔عہدیداروں نے بتایا کہ بوس نے کوچ بہار سرکٹ ہاؤس سے رات بھر صورتحال کی نگرانی کی، جہاں وہ قیام پذیر ہیں، اور ریاستی الیکشن کمشنر راجیو سنہا، سپرنٹنڈنٹ آف پولیس اور ضلع مجسٹریٹ کو ہدایات دیں۔ راج بھون کے ایک سینئر اہلکار نے خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کو فون پر بتایاگورنر نے اتوار کی صبح اسپتال کا دورہ کیا، جہاں پانچ زخمیوں کا علاج چل رہا ہے اور گورنر اس جگہ کا بھی دورہ کر سکتے ہیں جہاں جھڑپیں ہوئیں۔بوس نے اسپتال کے حکام سے بھی بات کی اور ان سے زخمیوں کو معیاری علاج فراہم کرنے کو کہا۔ انہوں نے کوچ بہار کے ضلع مجسٹریٹ اور پولیس سپرنٹنڈنٹ کو فون کیا اور ان سے امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے اور مجرموں کو گرفتار کرنے کو کہا۔ بوس، جو ریاست کے شمالی اضلاع کا دورہ کر رہے ہیں، نے ان لوگوں کے خاندانوں سے بھی ملاقات کی جنہوں نے دینہٹا میں تشدد میں اپنی جانیں گنوائیں اور زخمی ہوئے۔راج بھون نے تشدد اور دھمکیوں کی شکایات سے نمٹنے کے لیے ایک ‘شانتی گرہ’ اور 24 گھنٹے چلنے والی ہیلپ لائن شروع کی ہے۔ ریاست میں 8 جولائی کو ہونے والے تین سطحی پنچایتی انتخابات میں تقریباً 5.67 لاکھ لوگ ووٹ ڈالنے کے اہل ہیں۔ یہ انتخابات ضلع پریشدوں، پنچایت سمیتیوں اور گرام پنچایتوں کی تقریباً 74,000 سیٹوں کے لیے ہوں گے۔