نیدرلینڈ کے ساحل پر مال بردار جہاز میں لگی آگ ، بھارتی عملہ ہلاک

TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –27 JULY      

ایمسٹرڈیم، 27 جولائی : نیدرلینڈ کے ساحل پر 3000 کاروں سے بھرے مال بردار بحری جہاز میں آگ لگنے سے ایک ہندوستانی رکن ہلاک ہوگیا۔ آگ لگنے سے بیس افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ آگ اتنی شدید ہے کہ نیدرلینڈ کے کوسٹ گارڈ نے اگلے چند دنوں کے لیے آگ کی وارننگ جاری کر دی ہے، جس کا مطلب ہے کہ آگ بجھانے میں کئی دن لگ سکتے ہیں۔
فریمینٹل ہائی وے، پناما سے 199 میٹر لمبا کارگو جہاز جرمنی سے مصر جا رہا تھا۔ نیدرلینڈ کے ساحل کے قریب جہاز میں آگ لگ گئی۔ جہاز پر 3000 کاریں لدی ہوئی ہیں جن میں سے 300 مرسڈیز بینز کی ہیں۔ نیدرلینڈ میں ہندوستانی سفارت خانے نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے بتایا ہے کہ اس حادثے میں ایک ہندوستانی شہری کی موت ہوئی ہے۔ سفارت خانہ متوفی کے لواحقین سے رابطے میں ہے اور میت جلد ہی ہندوستان بھیج دی جائے گی۔ سفارتخانے نے کہا کہ وہ حادثے میں زخمی ہونے والے 20 افراد سے بھی رابطے میں ہے اور انہیں کارگو جہاز چلانے والی کمپنی کے ساتھ ہم آہنگی میں تمام ضروری مدد فراہم کی جارہی ہے۔بتایا گیا کہ یہ حادثہ یونیسکو کے عالمی ثقافتی ورثہ سائٹ دی ویڈن سی کے قریب پیش آیا جو نیدرلینڈ کے جزیرے ایملینڈ سے 27 کلومیٹر دور واقع ہے۔ یہ جگہ دنیا بھر میں ہجرت کرنے والے پرندوں کے لیے بہت اہم سمجھی جاتی ہے۔ حادثے کی تصاویر میں جہاز سے دھواں اٹھتا دکھائی دے رہا ہے۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ مال بردار جہاز سے لے جانے والی 25 الیکٹرک کاروں میں سے ایک میں آگ لگ گئی ہو، جس نے پھیل کر ہولناک شکل اختیار کر لی۔ فائر ڈیپارٹمنٹ کا عملہ آگ بجھانے میں مصروف ہے تاہم 16 گھنٹے گزرنے کے باوجود آگ پر قابو نہیں پایا جا سکا۔
فائر ڈپارٹمنٹ کے مطابق آگ بجھانے میں کئی دن لگ سکتے ہیں کیونکہ ابھی تک فائر فائٹرز جہاز میں سوار نہیں ہو سکے اور مشینوں کی مدد سے آگ بجھانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ تاہم جہاز میں بہت زیادہ پانی بھرنے کی وجہ سے اس کے ڈوبنے کا خطرہ بھی پیدا ہوگیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ آگ بجھانا انتہائی مشکل ہورہا ہے۔