نیلے پرندے کو الوداع، باضابطہ طور پر ٹویٹر کا نیا لوگو جاری

TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –24 JULY      

واشنگٹن،24جولائی : نیلے پرندے کو الوداع کہ کر ٹویٹر نے باضابطہ طور پر اپنا نیا لوگو جاری کردیا۔مائیکرو بلاگنگ سائٹ ’’ٹوئٹر‘‘ نے اپنے آفیشل اکاؤنٹ پر اپنا نام اور تصویر چڑیا سے بدل کر حرف ’’X ‘‘ کردی۔ پیر کے روز ٹویٹر کے مالک امریکی ارب پتی ایلون مسک نے اپنے آفیشل اکاؤنٹ کی تصویر پر نیا لوگو لگا دیا۔اتوار کومسک نے کہا کہ وہ ٹویٹر لوگو کو تبدیل کرنے کے منتظر ہیں۔ انہوں نے کہا جلد ہی ہم ٹویٹر برانڈ کو الوداع کہیں گے اور آہستہ آہستہ تمام پرندے کو الوداع کردیں گے۔مسک کی متعدد ٹویٹس میں سے ایک میں کہا گیا کہ ٹوئٹر کا نیا لوگو حرف ’’ x‘‘ ہے۔ یہ رات کو شائع کیا جائے گا اور پیر کو پوری دنیا میں گردش کرے گا۔مسک نے لیٹر (X) کی چمکتی ہوئی تصویر پوسٹ کی اور بعد میں ٹویٹر سپیسز فیچر کے ذریعے صوتی چیٹ کے دوران ایک سوال کے جواب میں کہا “ہاں یہ بہت پہلے ہو جانا چاہیے تھا”۔مسک نے ایک اور ٹویٹ میں کہا”مجھے قطعی طور پر یقین نہیں کہ اس کی وجہ کیا ہے لیکن مجھے حرف ’’ x ‘‘ سے محبت ہے۔‘‘۔ اس ٹویٹ میں انہوں نے الیکٹرک کار بنانے والی کمپنی ٹیسلا کے لوگو کے سامنے ’’ x‘‘ کی شکل میں اپنے بازو بناتے ہوئے ایک تصویر بھی شائع کی۔یاد رہے اکتوبر کے آخر میں ٹویٹر کو 44 بلین ڈالر میں حاصل کرنے والے مسک نے بارہا اس بات کی تصدیق کی ہے کہ وہ ٹویٹر کو چینی ’’ WeChat‘‘ سروس کی طرح ایک جامع پلیٹ فارم بنانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔