ویمنز ایشز 2023 – انگلینڈ نے تیسرے ٹی ۔20 میں آسٹریلیا کو شکست دے کر سیریز جیت لی

TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN -09 JULY      

لندن، 09جولائی:انگلینڈ کی خواتین ٹیم نے لارڈز میں کھیلے گئے تیسرے اور آخری ٹی ۔20 میچ میں آسٹریلیا کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔ آسٹریلیائی ٹیم نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 155 رن بنائے۔ بارش کے باعث انگلینڈ ویمن ٹیم کو 14 اوورز میں 119 رنوں کا ہدف ملا۔ انہوں نے یہ ہدف 13.2 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر باآسانی حاصل کر لیا۔ ایلس کیپسی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا اور ڈینیل وائٹ (109 رن) کو ان کی شاندار اننگ کے لیے سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ اس فتح کے ساتھ ہی میزبان ٹیم نے تین میچوں کیٹی۔20 سیریز 2-1 سے جیت لی۔
انگلینڈ کی کپتان ہیدر نائٹ نے ٹاس جیت کر گیندبازی کا فیصلہ کیا۔ پہلے بلے بازی کرتے ہوئے آسٹریلیا کی خواتین ٹیم کو پہلا جھٹکا 20 رن کے اسکور پر لگا۔ کپتان الیسا ہیلی 10 گیندوں پر 16 رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئیں۔ اوپنر بیتھ مونی نے 27 گیندوں پر 32 رنوں کی اننگ کھیلی۔ ایشلے گارڈنر اور ایلیس پیری نے بھی مڈل آرڈر میں مفید اننگ کھیلی۔ ایشلے گارڈنر نے 25 گیندوں پر 32 اور ایلس پیری نے 25 گیندوں پر 34 رن بنائے۔ لوئر آرڈر میں گریس ہیرس نے 15 گیندوں پر 25 رن بنا کر ٹیم کو 155 تک پہنچایا۔
ڈینیئل وائٹ نے ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کو تیز شروعات فراہم کی۔ انہوں نے 15 گیندوں میں 26 رن بنائے۔ نتالی سیور برنٹ نے بھی 25 گیندوں پر 25 رن کی اننگ کھیلی۔ لوئر آرڈر میں ایلس کیپسی نے 23 گیندوں پر 4 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 46 رن بنا کر ٹیم کو فتح دلائی۔ انگلینڈ نے ہدف 13.2 اوورز میں حاصل کر کے سیریز بھی اپنے نام کر لی۔