TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN -01 JULY
اسلام آباد،یکم جولائی : ونڈے ورلڈ کپ ہندوستان میں ہونا ہے اور ٹورنامنٹ کا مکمل شیڈول جاری کر دیا گیا ہے۔ ایونٹ 5 اکتوبر سے 19 نومبر تک منعقد ہونا ہے لیکن تاحال پاکستان کی ورلڈ کپ میں شرکت کے حوالے سے فیصلہ نہیں ہو سکا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ پہلے ہی واضح کر چکا ہے کہ ٹیم حکومت سے اجازت ملنے کے بعد ہی ہندوستان جائے گی۔اب خبریں آرہی ہیں کہ پاکستان کی سکیورٹی ٹیم ہندوستان آئے گی اور ان کی جانب سے مثبت رپورٹ آنے کے بعد ہی بابر اعظم کی قیادت میں ٹیم کو ہندوستان بھیجنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔خبر رساں ادارے پی ٹی آئی کے مطابق وزارت کھیل کے ایک اہلکار نے بتایا کہ عید کی تعطیلات کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے چیئرمین کا انتخاب کیا جائے گا۔ اس کے بعد وزارت خارجہ اور داخلہ سمیت حکومت یہ فیصلہ کرے گی کہ سکیورٹی وفد کو کب ہندوستان بھیجنا ہے۔انہوں نے کہا کہ سکیورٹی وفد میں پی سی بی حکام بھی شامل ہوں گے۔ وہ اس مقام پر جائیں گے جہاں پاکستان نے میچ کھیلنا ہے۔ اس کے علاوہ ورلڈ کپ کے دوران ٹیم کے سکیورٹی انتظامات اور دیگر انتظامات کے بارے میں بھی معلومات لی جائیں گی۔آئی سی سی کے اعلان کردہ ورلڈ کپ کے شیڈول پر نظر ڈالیں تو پاکستان کو 5 مقامات چنئی، حیدرآباد، بنگلورو، کولکاتہ اور احمد آباد میں میچز کھیلنے ہیں۔ عہدیدار کا کہنا تھا کہ ہندوستان کے کسی بھی دورے سے قبل کرکٹ بورڈ کے لیے حکومت سے اجازت لینا ایک رسمی حیثیت ہے جو عام طور پر ایک وفد ہندوستان بھیجتا ہے۔