TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –15 JULY
نئی دہلی ، 15جولائی:ٹیم انڈیا نے ویسٹ انڈیز دورے کا آغاز جیت کے ساتھ کیا ہے۔ روہت شرما کی قیادت میں ٹیم انڈیا نے تین ہی دن میں پہلا ٹسٹ جیت لیا ہے۔ ہندوستان نے میزبان ٹیم کو اننگ اور 141 رنوں سے ہرایا۔ یہ ہندوستان کی ویسٹ انڈیز میں سب سے بڑی جیت بھی ہے۔ اس سے پہلے اسے 2016 میں اننگ اور 92 رن سے سب سے بڑی جیت ملی تھی۔ میچ کے تیسرے دن ہندوستانی ٹیم نے 5 وکٹ پر 421 رن بنا کر اپنی اننگ روک دینے کا اعلان کیا۔ یشسوی جیسوال نے 171 تو وراٹ کوہلی نے 76 رن بنائے۔روہت شرما نے بھی 103 رن بنائے ہیں۔ ویسٹ انڈیز نے پہلی اننگ میں 150 رن بنائے تھے۔ دوسری اننگ میں انڈیز کی پوری ٹیم 50.03 اووروں میں 130 رن ہی بناسکی۔ یشسوی جیسوال کو پلیئر آف دی میچ کا خطاب دیا گیا۔آر اشون نے پہلی اننگز میں 5 اور دوسری اننگز میں 7 وکٹیں حاصل کیں۔ اس طرح انہوں نے میچ میں مجموعی طور پر 12 وکٹیں لے کر ایک بار پھر اپنی اہمیت ثابت کردی۔ حال ہی میں انہیں ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ کے فائنل میں موقع نہیں دیا گیا۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے دوسری اننگز کی بات کریں تو ایلیک اتھانجے نے سب سے زیادہ 28 رنز بنائے۔ یعنی کوئی بھی بلے باز 30 رنز تک نہیں پہنچ سکا۔ آر اشون کے علاوہ رویندر جڈیجہ نے 2 اور محمد سراج نے ایک وکٹ حاصل کی۔36 سالہ آر اشون نے ٹسٹ کرکٹ میں 8ویں مرتبہ 10 وکٹ لیے ہیں۔ اس طرح سے انہوں نے سابق ہندوستانی لیگ اسپنر انیل کمبلے کی برابری کرلی ہے۔ انہوں نے بھی ہندوستان کی جانب سے سب سے زیادہ 8 مرتبہ ایسا کیا تھا۔