چلتی کار پر گرا درخت ، معجزانہ طور پر بچ گئے کار میں سوار افراد

TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN -09 JULY      

کنداپور ،09 جولائی:کل دوپہر کے وقت ایک بہت بڑا درخت زمین سے اکھڑ کر چلتی کار پر گرا مگر خوش قسمتی سے کار میں سوار افراد معجزانہ طور پر کسی بھی قسم کے بڑے نقصان سے بچ گئے۔
بتایا جاتا ہے کہ ایشور کولال نامی شخص اپنے گھر والوں کے ساتھ بیڈلکٹے سے ہالاڈی کی طرف کار میں سفر کر رہا تھا۔ اچانک درخت اکھڑ کر کار کے بونیٹ پر آ گرا جس سے کار کو اچھا خاصہ نقصان ہوا جبکہ ایشور اور اس کے بیٹے عاشق کو معمولی چوٹ آئی۔ جب یہ حادثہ پیش آیا اس وقت کار میں جملہ پانچ افراد سفر کر رہے تھے۔اس حادثے کے بعد عوام نے محکمہ جنگلات کے افسران پر اپنے غصہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ لوگ سڑک کنارے موجود پرانے اور سوکھے ہوئے بڑے بڑے درختوں کی کٹائی کی طرف دھیان نہیں دے رہے ہیں جس کی وجہ سے پیدل چلنے والوں اور موٹر گاڑیوں میں سفر کرنے والوں کے لئے ہمیشہ خطرہ بنا رہتا ہے۔ بیچ سڑک پر درخت گرنے سے بڑی دیر تک موٹر گاڑیوں کی آمد و رفت میں خلل پڑا۔ ایم ایل اے کوڈگی کے علاوہ پنچایت کے صدر، پولیس سب انسپکٹر اور محکمہ جنگلات کے افسران نے جائے وقوع پر پہنچ کر معائنہ کیا اور درخت کو کاٹ کر رستے سے ہٹانے کے بعد ٹریفک بحال کر دی گئی۔