TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN -29 JULY
بنگلورو، 29 جولائیـکرناٹک ہائی کورٹ نے کل، کرناٹک کے وزیر اعلیٰ سدّا رمیاّ کو نوٹس جاری کیا ہے۔ یہ نوٹس ایک ووٹر کی طرف سے داخل کی گئی انتخابات سے متعلق ایک درخواست پر جاری کیا گیا ہے، جس میں ریاست میں، حال ہی میں کرائے گئے اسمبلی انتخابات میں، ورونا اسمبلی حلقے سے چنے گئے وزیر اعلیٰ کو برطرف کرنے کیلئے کہا گیا ہے۔ جسٹس ایس سنیل دَت یادو نے وزیر اعلیٰ کو، ایک شخص کے ایم شنکرا کی طرف سے داخل کی گئی اِس درخواست پر نوٹس جاری کیا ہے، جنہوں نے سدّا رمیاّ پر الزام لگایا ہے کہ وہ انتخابات کے دوران بے ضابطگیوں کے مرتکب ہیں۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ کانگریس پارٹی کا انتخابی منشور، جس میں کرناٹک کے عوام سے پانچ یقینی وعدے کیے گئے ہیں، رِشوت اور بے جا اثر انگیزی کے مترادف ہے۔ درخواست کے مطابق یہ منشور، سداّ رمیاّ کی مرضی سے جاری کیا گیا تھا اور اس میں کیے گیے وعدے، ورونا حلقے کے ووٹروں کو خوش کرنے کیلئے کیے گئے ہیں تاکہ وہ پارٹی کے حق میں ووٹ دیں۔ درخواست گزار نے استدعا کی ہے کہ سدا رمیا کا انتخاب کالعدم قرار دیا جائے اور اُن پر، قانون کی شقوں اور آئین کی خلاف ورزی کی وجہ سے چھ سال کیلئے انتخاب لڑنے پر پابندی لگائی جائے۔ اس کیس کی اگلی سماعت یکم ستمبر کو ہوگی۔