TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –27 JULY
بغداد،27 جولائی:عراق میں ایک شقی القلب خاتون نے اپنے کم سن سوتیلے بیٹے کو بڑی مقدار میں نمک کھلا کر دردناک طریقے سے مار دیا۔ عراقی شہر بغداد سے تعلق رکھنے والے ایک سوتیلی ماں عذرا الجنابی نے 7 سالہ بیٹے موسیٰ ولاء کو انتہائی اذیت دیتے ہوئے قتل کر دیا۔سوتیلی ماں نے کم سن لڑکے موسیٰ کو زبردستی ایک کلو سے زیادہ نمک کھانے پر مجبور کیا، اور کھانے سے انکار پر اسے تیز دھار آلے سے زخمی کرتی رہی، بچے کی تصاویر بھی عراقی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں۔بغداد پولیس کے مطابق پوسٹ مارٹم رپورٹ سے ظاہر ہوتا ہے کہ مقتول کو انتہائی بے دردی سے زخم دے کر قتل کیا گیا، مقتول کے جسم پر تیز دھار آلے کے بے شمار زخم اور بجلی کا کرنٹ لگانے کے بھی واضح نشانات تھے، نیز بچے کے معدے میں نمک کی بڑی مقدار کی موجودگی کا بھی انکشاف ہوا۔مقامی سوشل میڈیا پر اس حوالے سے لوگوں کا شدید رد عمل دیکھنے میں آیا، صارفین نے نہ صرف ملزمہ بلکہ مقتول کے والد کو بھی ذمہ دار قرار دیتے ہوئے اسے لاپرواہی برتنے پر سزا کا حق دار ٹھہرایا۔بغداد پولیس کے مطابق ملزمہ نے اعتراف جرم کر لیا ہے، عراقی ٹی وی چینل نے بتایا کہ ملزمہ امن عامہ کے ایک ادارے سے منسلک ہے۔ پولیس اس سلسلے میں مزید تحقیقات کر رہی ہے۔