کولمبو ٹیسٹ، پاکستان کی بیٹنگ جاری، عبداللہ شفیق کی نصف سنچری

TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –24 JULY      

کولمبو ، 24جولائی:کولمبو میں کھیلے جا رہے دوسرے ٹیسٹ میچ میں سری لنکا کے خلاف پاکستان کی بیٹنگ جاری ہے۔پاکستان نے ایک وکٹ کے نقصان پر 99 رنز بنا لیے ہیں، عبداللّٰہ شفیق 52 اور شان مسعود 38 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں۔امام الحق 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔اس سے قبل سری لنکا کی ٹیم پہلی اننگز میں 166 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔سری لنکا کی جانب سے دھننجایا ڈی سلوا 57 اور دنیش چندیمل 34 رنز بنا کر نمایاں رہے۔پاکستان کی جانب سے ابرار احمد نے 4 اور نسیم شاہ نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ ایک وکٹ شاہین شاہ آفریدی کے حصے میں آئی۔میزبان ٹیم کی پہلی وکٹ 9 رنز پر گری تھی جب نشان مدھوشکا 4 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے جبکہ دوسری وکٹ 23 رنز پر گری، شاہین شاہ آفریدی نے کوشل مینڈس کو 6 رنز پر پویلین کی راہ دکھائی۔سری لنکا کے تیسرے کھلاڑی 36 رنز کے مجموعے پر آؤٹ ہوئے، نسیم شاہ نے اینجلو میتھیوز کو 9 رنز پر آؤٹ کیا اور ہوم ٹیم کی چوتھی وکٹ بھی 36 رنز پر گری، نسیم شاہ نے سری لنکا کے کپتان کو 17 رنز پر پویلین چلتا کیا۔میزبان ٹیم کی پانچویں وکٹ 121 رنز پر گری، دنیش چندیمل کو بھی نسیم شاہ نے 34 رنز پر آؤٹ کیا جبکہ سری لنکا کی چھٹی وکٹ ابرار احمد کے حصے میں آئی، انہوں نے سدیرا سماراوکرما کو صفر پر پویلین روانہ کیا۔