گالے ٹیسٹ: پاکستان کیخلاف سری لنکا کے 5 کھلاڑی آؤٹ

TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –16 JULY      

کولمبو، 16جولائی: گالے ٹیسٹ میں سری لنکا نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔پہلے ہی سیشن میں فاسٹ بولر شاہین آفریدی سری لنکن بیٹرز کو پریشان کرنے لگے اور انہوں نے جلد ابتدائی 2 وکٹس حاصل کرلیں۔پاکستان کے خلاف سری لنکا کی پہلی وکٹ 6 رنز پر گری جب نشان مدوشکا کو 4 رنز پر شاہین شاہ آفریدی نے آؤٹ کیا تھا۔اس وکٹ کے ساتھ شاہین آفریدی نے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی 100 وکٹیں مکمل کیں۔بعدازاں سری لنکا کی دوسری وکٹ 22 رنز پر گری جب کوشال مینڈس 12 رنز بنا کر شاہین آفریدی کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔پہلے سیشن میں سری لنکا کی تیسری وکٹ 53 رنز پر گری اور یہ بھی شاہین آفریدی نے ہی حاصل کی۔انہوں نے دیموتھ کرونارتنے کو 29 رنز پر آؤٹ کیا۔پاکستان کے لیے چوتھی وکٹ 54 کے اسکور پر نسیم شاہ نے حاصل کی جب انہوں نے دنیش چندیمل کو 1 رن پر کیچ آؤٹ کرایا۔سری لنکن ٹیم کے لیے مزاحمت دکھانے والے انجیلو میتھیوز ابرار احمد کی گیند پر 64 رنز پر سرفراز احمد کو کیچ دے کر آؤٹ ہوگئے، یوں پاکستان نے دوسرے سیشن میں 185 رنز پر سری لنکا کی آدھی ٹیم کو واپس پویلین بھیج دیا۔ٹیسٹ میچ کے پہلے روز کے پہلے سیشن میں سری لنکا نے مجموعی طور پر 19 اوورز بیٹنگ کر کے 4 وکٹ کے نقصان پر 65 رنز بنائے تھے۔گالے ٹیسٹ میں چائے کے وقفے پر سری لنکا نے 5 وکٹ پر 185 رنز بنائے تھے۔اس سے قبل سری لنکا نے 5.5 اوورز میں ایک وکٹ پر 18 رنز بنائے تھے جس کے بعد بارش کے باعث میچ روک دیا گیا تھا۔پاکستانی ٹیم میں کپتان بابر اعظم، شان مسعود، عبداللہ شفیق، امام الحق، سعود شکیل، سرفراز احمد، سلمان علی آغا، نعمان علی، شاہین آفریدی، نسیم شاہ اور ابرار احمد شامل ہیں۔ٹاس کے موقع پر بابر اعظم نے کہا کہ سری لنکا کی کنڈیشنز میں کھیلنا آسان نہیں۔دوسری جانب سری لنکن محکمہ موسمیات نے گال ٹیسٹ کے دوران پانچوں دن بارش کی پیش گوئی کی ہے جس سے میچ کے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔واضح رہے کہ 2 میچز پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کا دوسرا میچ 24 جولائی سے کولمبو میں شروع ہوگا۔