ہرمن پریت کور نے بنگلہ دیش کے خلاف پہلے ٹی۔20 میچ میں گیند بازوں کی کارکردگی کی تعریف کی

TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –10 JULY      

نئی دہلی، 10 جولائی: ہندوستانی خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتان ہرمن پریت کور نے اتوار کو میرپور میں بنگلہ دیش کے خلاف پہلے ٹی ۔20 میچ میں شاندار کارکردگی پر گیند بازوں کی تعریف کی۔
میچ میں پہلے فیلڈنگ کرتے ہوئے، بھارت نے بنگلہ دیش کو مقررہ 20 اوورز میں پانچ وکٹ پر114 تک محدود رکھا اور پھر 22 گیندیں باقی رہ کر ہدف کا تعاقب کرلیا۔
میچ میں ہندوستانی گیند بازوں منّومنی (1-21)، پوجا وستراکر (1-16) اور شفالی ورما (1-18) نے بنگلہ دیشی بلے بازوں پر دباو بنائے رکھا اور انہیں آزادانہ طور پر کھیلنے کا موقع نہیں دیا۔ تجربہ کار اسپنر دیپتی شرما نے اپنے 4 اوورز میں صرف 14 رن دے کر مخالف بلے بازوں پر دباؤ ڈالنے میں اہم کردار ادا کیا۔
میچ کے بعد، ہرمن پریت نے کہا،’’یہ ایک زبردست ٹیم کی کوشش تھی۔ گیند بازوں نے بالخصوص نوعمر لڑکیوں نے بہت اچھی گیند بازی کی۔ میں یہ دیکھنا چاہتی تھی کہ وہ پہلے چھ اوورز میں کس طرح گیند بازی کریں گی، میرے خیال میں وہ دونوں حالات کو بہت جلد سمجھ گئی تھیں۔ ان کے علاوہ دیپتی نے بھی اچھی گیند بازی کی۔ وہ ایک تجربہ کار گیند باز ہے اور اس نے یہ کر دکھایا‘‘۔
ہرمن پریت کو 35 گیندوں میں 54 رن کی ناٹ آوٹ اننگ کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ ہرمن نے اس دوران 6 چوکے اور 2 چھکے لگائے۔
ہندوستانی ٹیم اب منگل کو دوسرے ٹی 20 میں بنگلہ دیش کا مقابلہ کرے گی۔