ہماچل میں بارش سے تباہی، 3 کی موت، 4 این ایچ بند، لاہول میں 30 بچے پھنسے

TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN -09 JULY      

شملہ،09 جولائی:ہماچل پردیش میں مانسون کا قہر دیکھنے کو ملا ہے۔ ریاست میں محکمہ موسمیات کے ریڈ الرٹ کے بعد اب نقصان کی خبریں دیکھنے کو مل رہی ہیں۔ پنڈوہ میں بیاس ندی کا پانی گھروں اور بازار میں داخل ہوگیا ہے۔ چنڈی گڑھ منالی ہائی وے منڈی سے منالی تک مختلف مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے بند ہوگئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی سولن میں کالکا-شملہ ٹریک
پر ٹرینوں کی آمد و رفت روک دی گئی ہے۔ ہماچل میں 24 گھنٹے کی بارش کی وجہ سے 3 لوگوں کی موت ہوئی ہے، جبکہ 3 قومی شاہراہیں بند ہیں۔ اس کے ساتھ ہی لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے 250 سے زائد سڑکیں بند ہو گئی ہیں۔لاہول سپیتی کے سمدو کازہ گرانفو روڈ پر سیلاب کے بعد گرانفو اور چھوٹا درہ کے درمیان دو ٹرالروں میں 30 کالج کے طلباء پھنس گئے، انہیں رات بھر کی ریسکیو آپریشن کے بعد بچا لیا گیا۔ منڈی پنڈوہ این ایچ پر چھ میل کے قریب لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے سڑک بند ہوگئی۔ کلو کے اکھاڑہ بازار میں بیاس ندی کے پانی کی سطح ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی ہے۔ بیاس بھی کلو اور منڈی شہروں میں خطرے کے نشان سے اوپر بہہ رہا ہے۔ ریاست کا صنعتی علاقہ بدی بھی پانی میں ڈوب گیا ہے۔ کئی مقامات پر کل رات سے بجلی نہیں ہے اور سڑکیں بند ہیں۔ میدانی علاقے زیر آب آگئے ہیں جب کہ پہاڑوں پر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث صورتحال تشویشناک ہے۔لاہول کے جنڈا نالہ اور تلنگ نالہ میں سیلاب کے بعد منالی-لیہہ سڑک بند کر دی گئی ہے۔ روہتانگ روڈ بھی کولّو کے رہنینالا میں لینڈ سلائیڈنگ کے بعد بند ہے۔ ہیریٹیج ریلوے ٹریک پر شملہ سے کالکا جانے والی موٹر ریل کار کوٹی کے قریب پٹری سے اتر گئی۔ خوش قسمتی سے اس سے کسی کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ ٹرین کار میں 14 مسافر سوار تھے۔ آج بھی کالکا شملہ ریلوے لائن پر ٹرینوں کی آمدورفت بند ہے۔ شملہ کے ڈھنگو مندر کو جوڑنے والی سڑک پر بڑے پیمانے پر لینڈ سلائیڈنگ ہوئی ہے۔ اونا ریلوے اسٹیشن سے کچھ فاصلے پر ریلوے ٹریک کی بجلی کی لائن پر درخت گرنے سے آگ لگ گئی۔ چمبا کے سروتھا نالہ میں مٹی کا تودہ گرنے سے ایک شخص کی موت ہو گئی۔ اسپتال پہنچنے پر ڈاکٹر نے اس شخص کو مردہ قرار دے دیا۔ انتظامیہ نے جاں بحق افراد کے لواحقین کو 10 ہزار کی فوری امداد دی ہے۔ یہ حادثہ رات دیر گئے پیش آیا۔ شری کھنڈ مہادیو یاترا کے دوران ایک عقیدت مند کی موت ہو گئی ہے، جبکہ دو لاپتہ ہیں۔ یہ سب گلیشیئر سے پھسل چکے تھے۔ کلّو کے لنکا بیکر میں ایک مکان منہدم ہوگیا اور خاتون کی موت ہوگئی۔منڈی ضلع میں کل سے جاری بارش اب تباہی مچا رہی ہے۔ چنڈی گڑھ منالی قومی شاہراہ 6 میل اور دیگر مقامات پر بڑے پیمانے پر لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے بند کر دی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ متبادل راستے بھی مکمل طور پر بند ہیں اور لوگ پھنس کر رہ گئے ہیں۔ پنڈوہ کا آدھا بازار زیر آب آ گیا ہے۔ پانی لوگوں کے گھروں میں داخل ہو کر تباہی پھیلا رہا ہے۔ پانڈوہ بازار میں سیلاب کی وجہ سے 6 لوگ اپنے گھر میں پھنس گئے تھے جنہیں مقامی پولیس اور ایس ڈی آر ایف کی ٹیم نے بچا کر بحفاظت باہر نکالا۔ محکمہ موسمیات نے ہماچل میں 9 جولائی کے لیے ریڈ الرٹ جاری کیا ہے۔