لالو یادو کو دوبارہ جیل بھیجنے کی سی بی آئی کی تیاری

TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –18AUG       

رانچی،18 اگست:چارہ گھوٹالہ معاملے میں راشٹریہ جنتا دل کے صدر لالو پرساد کی مشکلات کم ہوتی نظر نہیں آ رہی ہیں۔ لالو پرساد کو چارہ گھوٹالہ کے تمام معاملات میں جھارکھنڈ ہائی کورٹ سے ضمانت مل گئی ہے۔ لیکن، اب سی بی آئی نے لالو پرساد یادو کی ضمانت منسوخ کرنے کے لیے سپریم کورٹ میں عرضی داخل کی ہے اور جلد سماعت کا مطالبہ کیا ہے۔ سپریم کورٹ نے بھی اس کی سماعت کے لیے رضامندی ظاہر کی ہے اور اس کی سماعت 25 اگست کو ہوگی۔ آپ کو بتا دیں کہ سی بی آئی نے ڈمکا، ڈورانڈا، چائیباسا اور دیوگھر کیس میں دی گئی ضمانت کو چیلنج کیا ہے۔
معلوم ہوکہ سی بی آئی کی جانب سے اس درخواست میں کہا گیا تھا کہ لالو پرساد کو دیوگھر معاملے میں صرف ساڑھے 3 سال کی سزا سنائی گئی ہے، جب کہ انہیں زیادہ سے زیادہ 7 سال کی سزا ملنی چاہیے تھی۔ آپ کو یہ بھی بتا دیں کہ دیوگھر معاملے میں لالو پرساد یادو، بیک جولیس سمیت کل چھ لوگوں کو 3 سال سے لے کر 6 سال تک کی سزا سنائی گئی ہے۔ سی بی آئی کی طرف سے دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ لالو پرساد کے ملوث ہونے کے پیش نظر انہیں زیادہ سے زیادہ 7 سال کی سزا سنائی جائے.