TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN -23 AUG
نئی دہلی ، 23 اگست: صدر دروپدی مرمو نے بدھ کو کہا کہ آج کے نوجوان سنکلپ دور میں ایک ترقی یافتہ ہندوستان کی تعمیر کریں گے۔ صدرجمہوریہ ہند آج گوا میں گوا یونیورسٹی کے 34ویں کانووکیشن سے خطاب کر رہی تھیں۔
اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے صدرجمہوریہ نے کہا کہ آج کی دنیا میں ٹیکنالوجی اور اختراع ایک اہم رول ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ گوا یونیورسٹی اختراع اور جدت طرازی کو فروغ دے رہی ہے۔ انہوں نے مصنوعی ذہانت اور ڈیٹا سائنس جیسے شعبوں میں عالمی نوعیت کی صلاحیت کو فروغ دینے پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ ہمارے اعلی تعلیمی اداروں میں مصنوعی ذہانت اور ڈیٹا سائنس جیسے شعبوں میں عالمی نوعیت کی صلاحیت کو فروغ دینا ضروری ہے۔ انہوں نے اس بات پر بھی خوشی کا اظہار کیا کہ گوا یونیورسٹی مجموعی تدریس اور گوا حکومت کے اعلی تعلیم کے ڈائریکٹوریٹ کے اشتراک سے ورچوئل اورینٹیشن کے لیے ڈیجیٹل مربوط نظام کا پروگرام چلا رہی ہے۔صدر جمہوریہ نے کہا کہ گوا یونیورسٹی کے کیمپس میں مختلف اسکول تشکیل دیے گیے ہیں، تاکہ مختلف محکموں کو مربوط کرکے بین تادیبی مطالعاتی حوصلہ افزائی کی جاسکے۔ انہوں نے اس پہل کے لیے گوا یونیورسٹی کی تعریف کی جو قومی تعلیمی پالیسی کے مطابق ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس یونیورسٹی میں تعلیم، تحقیق اور جدت طرازی کے لیے سینٹر آف ایکسیلینس یعنی مہارت کا ایک مرکز بننے کی زبردست صلاحیت ہے۔
صدر جمہوریہ نے اس خوشی کا اظہار کیا کہ گوا یونیورسٹی نے اْنت بھارت ابھیان کے تحت 5 گاؤوں کو اپنایا ہے، جہاں پائیدار ماڈل اپنا کر جل کھمبیاں اور مشروم کی کاشت کی جارہی ہے۔ انہوں نے طلبا میں سماجی شمولیت اور ماحولیاتی توازن کے بارے میں حساسیت پیدا کرنے کے لیے گوا یونیورسٹی کی ٹیم کی ستائش کی۔
طلبا سے خطاب کرتے ہوئے صدر جمہوریہ نے کہا کہ تقسیم اسناد کی تقریب ان کی زندگی کا ایک یادگار لمحہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جو ڈگریاں انہوں نے حاصل کی ہیں، وہ انہیں روزگار دلانے اور کاروبار شروع کرنے میں مدد گار ثابت ہوں گی، لیکن ایک کوالٹی، جو انہیں زندگی میں کہیں آگے لے جاسکتی ہے، وہ یہ ہے کہ انہیں حوصلہ کبھی نہیں چھوڑنا چاہیے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تعلیم پوری زندگی کا ایک عمل ہے اور مسلسل سیکھنے والا شخص مواقع بھی حاصل کرلے گا، ساتھ ہی ساتھ زندگی میں چنوتیوں سے نمٹ سکے گا۔ صدر جمہوریہ نے کہا کہ آج کا نوجوان سنکلپ کال میں ایک ترقی یافتہ بھارت تعمیر کرے گا۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ وہ زیادہ خوش حالی کے لیے بھارت کے خواب کو پورا کرسکیں گے۔