TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN -11 AUG
ڈھاکہ، 11 اگست: بنگلہ دیش کے شہر چٹگاوں میں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران شدید بارش، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے بھاری تباہی ہوئی ہے۔ اس دوران چٹگاوں میں کم از کم 16 افراد ہلاک ہوئے جبکہتین افراد لاپتہ ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈسٹرکٹ ریلیف اینڈ ری ہیبلیٹیشن آفس نے کہا ہے کہ مکانات، فصلوں اور کاروبار کو مجموعی طور پر 135.15 کروڑ روپے کا نقصان ہوا ہے۔ جنوبی ضلع کے ذیلی اضلاع چندنیش، ستکانیہ اور لوہاگرہ سیلاب سے سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔ یہ علاقہ پیر کی رات سے تین دن تک زیر آب رہا۔ چٹگاوں کاکس بازار شاہراہ بند رہی۔ جمعرات کی صبح ہائی وے پر ٹریفک بحال ہو گئی تاہم کئی علاقوں میں بجلی بحال ہونا ابھی باقی ہے۔
رپورٹس میں ضلع ریلیف اور بحالی افسر محمد سیف اللہ مجومدار کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ جمعرات تک 135.15 کروڑ روپے کا نقصان ہوا ہے۔ بدھ کو پانی کم ہونے کے بعد کئی لاپتہ افراد کی لاشیں منظر عام پر آئیں۔ جمعرات کی رات تک چٹگاوں کے پانچ ذیلی اضلاع میں کل 16 ہلاکتوں کی اطلاع ہے۔ تین ابھی تک لاپتہ ہیں۔ سیلاب سے 6 لاکھ 35 ہزار افراد متاثر ہوئے ہیں۔ گزشتہ سات دنوں میں چٹگاوں میں 664 ملی میٹر بارش ہوئی۔