TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –12 AUG
پروفیسر نجمہ اختر،شیخ الجامعہ ،جامعہ ملیہ اسلامیہ نے ہندوستان کی آزادی کے چہترویں سال کی یاد میں آزادی کا امرت مہتسو(اے کے اے ایم) کے حصے کے طورپر اپنے دفتر کی عمارت سے آج ترنگاریلی کو ہری جھنڈی دکھائی۔یونیورسٹی اور جامعہ اسکول کے طلبا،این سی سی کیڈٹس اور این ایس ایس رضاکاروں،جامعہ کاتدریسی و غیر تدریسی عملہ بشمول ڈینز ،صدور شعبہ جات اور سینئر فیکلٹی اراکین نے حب الوطنی کے جذبے سے سرشار بڑی تعداد میں ترنگا ریلی میں شرکت کی۔ فیکلٹی آف سوشل سائنس ،جامعہ ملیہ اسلامیہ کے ڈین پروفیسر مسلم خان کی نگرانی میں یہ ترنگا ریلی منعقد ہوئی تھی۔
ترنگا ریلی کے شرکا نے اپنے ہاتھوں میں ترنگا تھامے حب الوطنی اور دیش بھکتی کے نعرے لگاتے مولانا محمد علی مارگ سے گز ر کر پورے کیمپس کا احاطہ کیا جس کے بعد یہ ریلی فیکلٹی آف سوشل سائنس کے ڈین کے دفتر کے سامنے ختم ہوئی۔
اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے پروفیسر نجمہ اختر،شیخ الجامعہ ،جامعہ ملیہ اسلامیہ نے کہا کہ ’جامعہ چہترویں یوم آزادی کا جشن دیش بھکتی کے جذبے سے سرشار انتہائی جوش و خروش سے منارہی ہے۔ترقی پسند ہندوستان کے قابل افتخار ان برسوں کے لیے متعدد پروگرام منعقد کررہے ہیں۔ میری آپ سب سے اپیل ہے کہ قومیت کے جذبے کے فروغ کے لیے اور ہر گھر ترنگا مہم کو کامیاب کرنے کے لیے اپنے گھروں اور دفاتر میں ترنگا پہرائیں۔
یوم آزادی جشن تقریبات کے سلسلے میں تمام عمارتوں اور یونیورسٹی کے اہم مقامات پر ترنگا پہرایا جارہاہے ۔’پارٹیشن ہوررز ریمیمبرینس ڈے‘ کی یاد میں سروجنی نائیڈو مرکز برائے نسوانی مطالعات اور پریم چند آرکائیوز اینڈ لٹریری سینٹر چودہ اگست دوہزار تیئس کو مشترکہ طور پرایک پروگرام منعقد کررہے ہیں جس میں ہندستان کی تقسیم کے لیے ذمہ دار واقعات و حادثات کو پرزینٹیشن ،پینل ڈسکشن، سوال اور جواب سیشن اور تصاویر کی نمائش کے توسط سے پیش کیا جائے گا۔

