جگل کشور شرما نے وزیر برائے ریلوے کے ساتھ ملاقات کی

TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –02  AUG     

جموں،2 اگست: جموں کے پونچھ پارلیمانی حلقہ سے ممبر پارلیمنٹ جگل کشور شرما نے نئی دہلی میں ریلوے وزیر اشونی ویشنو سے ملاقات کی اور اپنے پارلیمانی حلقہ کے کئی ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا۔ رکن پارلیمنٹ نے گورہا سلاتھیا ریلوے لائن پر ریل اوور برج کی تعمیر کو وزیر ریلوے کے نوٹس میں لایا۔
انہوں نے وزیر کو مطلع کیا کہ ایک بڑی آبادی والا علاقہ اس پل کے ساتھ جڑا ہوا ہے۔ اس پْل کو گورہا سلاتھیا گاؤں سے گزرنے والی ریلوے لائن کو پار کرنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے اور لوگوں کو پْل عبور کرنے کے لئے لمبی قطاروں میں انتظار کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹرینوں کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے جس کی وجہ سے ریلوے لائن پر بھاری ٹریفک کا مسئلہ ہے اور لوگوں کو ریلوے لائن سے گزرنے کے لیے طویل انتظار کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مریضوں، بزرگ شہریوں اور طلبا کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ گورہا سلاتھیا سے گزرنے والی ریلوے لائن پر ریل اوور برج تعمیر کرنے کا ایک اہم مطالبہ ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ سانبہ ضلع میں کالی باڑی میں ریل اوور برج بنانے کی بھی اشد ضرورت ہے۔ شرما نے جموں ریلوے اسٹیشن پر ترقی کے لیے وزیر کی بھی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ جموں ریلوے سٹیشن کو کلاس-اے کیٹیگری میں لانے کے منصوبے پر کام جاری ہیں لیکن کام میں تیزی لائی جائے۔ جگل شرما نے وزیر کو یہ بھی بتایا کہ مین نیشنل ہائی وے روڈ سے منوال ریلوے سٹیشن تک اپروچ روڈ انتہائی خراب حالت میں ہے اور اس کی فوری مرمت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کی چوڑائی اور مرمت کے لیے فوری طور پر فنڈز فراہم کیے جائیں تاکہ علاقے کے لوگوں کو مزید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ ریلوے کے مرکزی وزیر اشونی ویشنو نے رکن پارلیمنٹ کے مطالبات کو سنا اور انہیں یقین دلایا کہ انہیں جلد از جلد حل کیا جائے گا۔