دہلی سے روانہ ہوتے ہی سہیل دیو ایکسپریس کی لائٹ چلی گئی، ناراض مسافروں نے ٹی ٹی ای کو ہی ٹوائلٹ میں کیا بند

TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –12 AUG      

نئی دہلی،12 اگست: ٹرین کے دو ڈبوں میں لائٹ جانے سے مشتعل مسافروں نے ہنگامہ کھڑا کردیا۔ یہ واقعہ سہیل دیو سپرفاسٹ ایکسپریس کا ہے، جس میں ناراض مسافروں نے ٹکٹ کلکٹر کو ٹرین کے ٹوائلٹ میں بند کر دیا۔ اطلاعات کے مطابق یہ واقعہ جمعہ کو اس وقت پیش آیا جب ٹرین دہلی کے آنند وہار ٹرمینل سے غازی پور جا رہی تھی۔ اس کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے۔پی ٹی آئی کی رپورٹ کے مطابق آنند وہار ٹرمینل سے روانہ ہونے کے فوراً بعد ٹرین کے B1 اور B2 ڈبوں میں لائٹ چلی گئی جس سے اے سی نے بھی کام کرنا چھوڑ دیا۔ ناراض مسافروں نے اس واقعہ کی شکایت ٹی ٹی ای سے کی۔ انہوں نے ہنگامہ کیا اور ٹی ٹی ای کو ٹوائلٹ میں بند کر دیا۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کس طرح مسافر ٹی ٹی ای پر ٹوائلٹ کو باہر سے لاک کرنے سے پہلے اندر جانے کے لیے دباؤ ڈال رہے ہیں۔ویڈیو میں تکنیکی عملے کو بجلی کے نظام میں خرابی کو دور کرنے کی کوشش کرتے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔ بعد میں جب ٹرین ٹنڈلا اسٹیشن پہنچی تو آر پی ایف اور ریلوے حکام نے مسافروں کو تسلی دی اور یقین دلایا کہ بجلی کی خرابی کا مسئلہ جلد ہی حل کر لیا جائے گا۔ ٹی ٹی ای کو بھی بچایا گیا اور انجینئرز نے برقی خرابی کو ٹھیک کیا۔