دہلی سے پٹنہ واپس ہوئے وزیراعلی ،پٹنہ ایئرپورٹ پر نامہ نگاروں سے بات کی

TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –17AUG       

پٹنہ، 17 اگست، 2023:- وزیر اعلیٰ جناب نتیش کمار نے آج دہلی سے پٹنہ واپسی پر پٹنہ ہوائی اڈے پر صحافیوں سے بات کی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وہ ڈاکٹر سے اپنی آنکھوں کا معائنہ کرانے دہلی گئے تھے۔ ڈیڑھ سال پہلے آنکھوں کا اپریشن ہواتھا، درمیان میں آنکھوں کا چیک اپ کرنا پڑتا ہے۔ کل، قابل احترام اٹل بہاری واجپائی جی کی برسی کے موقع پر، ہم نے دہلی میں ان کی سمادھی کے مقام پر جا کر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ محترم اٹل جی سے ہمارا بہت پرانا رشتہ رہا ہے۔ وہ ہمارا بہت خیال کرتے تھے۔ ہم نے پارلیمنٹ میں کہا تھا کہ اٹل بہاری واجپئی ملک کے اگلے وزیر اعظم بنیں گے۔ اس کے بعد وہ پوری مدت کے لیے ملک کے وزیر اعظم بنے۔ محترم اٹل جی نے ملک کے لیے بہت اچھا کام کیا۔ ہم ان کے ساتھ اپنے تعلقات کو کبھی فراموش نہیں کر  سکتے۔ جب میں نے پہلی بار وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لیا تو وہ اس تقریب کے لیے پٹنہ آئے تھے۔محترم اٹل جی کے وقت کے این ڈی اے اور آج کے این ڈی اے کے درمیان فرق کے سوال پر، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ این ڈی اے محترم اٹل بہاری واجپائی جی کے زمانے میں ہی بنا تھا۔ اس وقت ہماری پارٹی این ڈی اے میں تھی۔ 1996 میں یم لوگ ساتھ آئے تھے لیکن اس وقت نام نہیں رکھا گیا تھا۔ سال 1999 میں این ڈی اے کا نام رکھا گیا۔ پہلے این ڈی اے کی میٹنگیں ہمیشہ ہوتی رہتی تھیں، لیکن ادھر این ڈی اے کی کوئی میٹنگ نہیں ہوتی تھی،  جب ہم لوگ ساتھ میں تھے توبھی کوئی میٹنگ نہیں ہوتی تھی۔ اب جب کہ اپوزیشن اتحاد ‘انڈیا’ بن چکا ہے، ان لوگوں نے این ڈی اے کی میٹنگیں بھی شروع کر دی ہیں۔ پہلے یہ لوگ این ڈی اے کی میٹنگیں نہیں کرتے تھے۔ ہم نے پٹنہ سے اپوزیشن کے اتحاد کی شروعات کی تھی، اپوزیشن جماعتوں کی دو میٹنگوں کے بعد وہ پریشان ہو گئے ہیں۔دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال اور کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھڑگے سے ملاقات سے متعلق سوال پر وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہماری اپوزیشن پارٹیوں کے لیڈروں سے بات ہوتی رہتی ہے ،ہم دہلی  کسی لیڈر سے بات کرنے نہیں گئے تھے ۔ اس ماہ 31 اگست اور یکم ستمبر کو ممبئی میں اپوزیشن جماعتوں کی میٹنگ ہونے والی ہے۔ ہم اس میٹنگ میں شرکت کے لیے ممبئی جائیں گے۔
جے ڈی یو سے متعلق مسٹر پرشانت کشور کے بیان پر کہا کہ ہم اس پر توجہ نہیں دیتے ہیں ۔ کون کیا بولتا ہے اس سے ہمیں کیا لینا دینا ۔ آپ لوگوں کو تب ہی پتہ چلے گا جب آپ عوام سے پوچھیں گے۔بہار میں مجرمانہ واقعات سے متعلق سوال کے بارے میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بہار میں مجرمانہ واقعات بہت کم ہیں۔ آپ لوگ اعدادوشمار دیکھیں۔ کچھ لوگ بلاوجہ ایسی باتیں کرتے رہتے ہیں۔ ان لوگوں نے میڈیا پر قبضہ کرلیا ہے۔ میڈیا میں یک طرفہ خبریں آتی رہتی ہیں۔ ہم لوگوں کی باتیں میڈیا میں چلنت نہیں دی جاتی ہے۔
2024 کے لوک سبھا انتخابات پر وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سخت مقابلہ ہوگا۔ بہت اچھا ہو گا. ملک کے مفاد میں ہو گا۔