ریاست میں گزشتہ تین دنوں سے ہو رہی بارش کی وجہ سے گنگا کے ساتھ گنڈک ،باگمتی ندی میں بھی طغیانی

TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –10 AUG      

پٹنہ ، 10 اگست :۔بہار کے کئی اضلاع میں گزشتہ تین دنوں سے جاری بارش کی وجہ سے گنگا کے ساتھ گنڈک اور باگمتی ندیوں میں بھی طغیانی ہے۔پٹنہ ، سمستی پور، بیگوسرائے میں گنگا خطرے کے نشان سے صرف چند سینٹی میٹر نیچے بہہ رہی ہے ۔ موتیہاری ، ارریہ سمیت کئی اضلاع میں ندیوں میں طغیانی ہے ۔ لوگ محفوظ مقامات پر پناہ لینے کی کوشش کر رہے ہیں۔موتیہاری میں لال باکیا ندی کے پانی کی سطح میں اضافہ کے بعد لوگوں نے محفوظ مقامات کی طرف نقل مکانی شروع کر دی ہے۔سیتامڑھی ، مظفر پور اور دربھنگہ میں باگمتی ندی کی پانی کی سطح تیزی سے بڑھ رہی ہے ۔ نشیبی علاقوں میں انتظامیہ الرٹ ہے۔بکسر میں گنگا ندی میں طغیانی ہے۔ پانی کی سطح کافی بڑھ گئی ہے۔گنڈک کا پانی بگہا کے کئی گاؤں میں داخل ہوگیا ہے۔ لوگوں کے لیے الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔سمستی پور میں بھی گنگا میں طغیانی ہے۔ پانی کی سطح بہت بڑھ گئی ہے۔ سمستی پور ضلع کے پٹوری سب ڈویزن علاقے سے گزرنے والی گنگا ندی کے پانی کی سطح مسلسل بڑھ رہی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران گنگا ندی کے پانی کی سطح میں 30 سینٹی میٹر کا اضافہ ہوا ہے ۔گذشتہ 12 گھنٹوں میں گنگا کے پانی کی سطح میں 15 سینٹی میٹر کا اضافہ ہوا ہے۔گنگا کے پانی کی سطح اب یہاں خطرے کے نشان سے 15 سینٹی میٹر تک پہنچ گئی ہے۔ اس وقت سمستی پور ضلع سے گزرنے والی گنگا ندی کے پانی کی سطح 1.25 سینٹی میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے بڑھ رہی ہے ۔ گنگا کے پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ کی وجہ سے حکام بھی الرٹ موڈ میں آگئے ہیں۔ حکام سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے عوامی نمائندوں کے ساتھ مسلسل میٹنگ کر رہے ہیں۔ گنگا ندی کے پانی کی سطح بڑھنے سے پٹوری بلاک کے علاقے سے گزرنے والی بیا ندی کی پانی کی سطح بڑھنے لگی ہے۔