قومی اسمبلی نو اگست کو تحلیل کر دی جائے گی

TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –04  AUG     

اسلام آباد،4اگست: وزیر اعظم شہباز شریف نے انکشاف کیا ہے کہ وہ موجودہ اسمبلی کی مدت ختم ہونے سے تین روز قبل نو اگست کو ہی قومی اسمبلی تحلیل کر دیں گے۔شہباز شریف نے یہ بات وزیر اعظم ہاؤس میں حکمران اتحاد میں شامل رہنماؤں کے اعزاز میں دیے گئے عشائیے میں بتائی۔ وزیر اعظم کی جانب سے کی گئی اس بات کی خبر کو تقریب میں شریک ذرائع نے میڈیا کے ساتھ شیئر کیا۔خبر کے مطابق قومی اسمبلی اپنی مدت کی تکمیل سے قبل تحلیل ہو جائے گی، اس کا مطلب ہے کہ عام انتخابات اس کی تحلیل کے 90 روز کے اندر ہونے ہیں۔آئین میں کہا گیا ہے کہ اگر اسمبلی اپنی مدت پوری کرتی ہے تو انتخابات 60 روز میں کرائے جائیں گے لیکن اس کے قبل از وقت تحلیل ہونے کی صورت میں یہ مدت بڑھ کر 90 روز تک ہو جاتی ہے۔