لداخ ،20 اگست:، مرکز کے زیر انتظام علاقے لداخ کے لیہہ ضلع میں ہفتہ کے روز فوج کی گاڑی سڑک حادثے کا شکار ہو گئی۔جس کے نتیجے میں نو فوجی جوان شہید ،جبکہ ایک جوان شدید زخمی ہوا ہے۔حکام نے بتایا کہ حادثہ جنوبی لداخ کے نیوما میں کیاری کے قریب پیش آیا۔لیہہ کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس پی ڈی نتیا نے بتایا کہ فوج کی ایک گاڑی جس میں دس اہلکار سوار تھے، لیہہ سے نیوما جا رہے تھے۔لیکن کیاری کے مقام پر گاڑی ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر گہری کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں نو جوان شہید ہو گئے۔مرکزی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے اہلکاروں کی موت پر افسوس کا اظہار کیا۔وزیر دفاع نے سماجی رابطہ سائٹ ،ایکس ،پر لکھا کہ لداخ میں لیہہ کے قریب ایک حادثے کی وجہ سے ہندوستانی فوج کے جوانوں کے نقصان پر غمزدہ ہوں۔ ہم اپنی قوم کے لیے ان کی مثالی خدمات کو کبھی نہیں بھولیں گے۔میرے خیالات سوگوار خاندانوں کے ساتھ ہیں۔ زخمی اہلکاروں کو فیلڈ اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کرتے ہیں۔ایس ایس پی نے بتایا کہ پولیس کی ایک ٹیم جائے حادثہ پر پہنچی اور تمام زخمی فوجیوں کو آرمی کے طبی مرکز میں منتقل کیا گیا جہاں آٹھ اہلکاروں کو مردہ قرار دیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ بعد میں ایک اور جوان کی موت ہو گئی۔افسر نے بتایا کہ ایک اور جوان کا علاج چل رہا ہے اور اس کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔فوجیوں کی موت پر تعزیت کرتے ہوئے، مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا کہ لداخ میں ہونے والے المناک سڑک حادثے پر گہرا دکھ ہوا، جس میں ہم نے اپنے بہادر فوجیوں کو کھو دیا۔ پوری قوم غم کی اس گھڑی میں سوگوار خاندانوں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی ہے۔ میری ان سے دلی تعزیت ہے۔ زخمیوں کو جلد از جلد صحت یابی کی دعا کی۔