نیو یارک میں لاؤڈ اسپیکر میں اذان دینے کی ملی اجازت

TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –31 AUG      

واشنگٹن،31اگست: امریکہ کے شہر نیویارک سٹی میں جمعہ کے روز اذان لاؤڈ اسپیکر پر دینے کی اجازت مل گئی جس سے مسلم کمیونیٹی میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ امریکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز نے کہا اذان کے الفاظ اللہ کی کبریائی اور نبی کریم ؐ کی رسالت کی گواہی پر مشتمل ہیں اور یہ اذان نماز کی ادائیگی کی یاد دہانی کے لیے دی جاتی ہے۔نیویارک سٹی کے میئر نے مزید کہا کہ نماز دین کے پانچ ستونوں میں سے ایک ہے جو دن میں پانچ بار قریبی مسجد میں ادا کرنے کا حکم ہے۔ اذان سن کر ہی نماز کے وقت کا پتا چلتا ہے۔
میئر ایرک ایڈمز نے بتایا کہ ان باتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے میں نے فیصلہ کیا ہے کہ مساجد سے نہ صرف جمعے کی بلکہ ماہِ رمضان میں روزانہ مغرب کی اذان لاؤڈ اسپیکر پر دی جائے گی اور اس کے لیے کسی پرمٹ کی ضرورت نہیں ہوگی۔نیویارک سٹی کے میئر نے کہا کہ اذان کے لیے استعمال ہونے والے لاؤڈ اسپیکر کی جانچ پڑتال اور ساؤنڈ کو مناسب لیول پر رکھنے کے لیے پولیس، مسجد انتظامیہ کے ساتھ مل کر گائیڈ لائنز پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں گے۔مسلم کمیونیٹی کے نمائندوں نے نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز کا شکریہ ادا کیا۔نیویارک کی مسلم امریکن کمیونٹی کی جانب سے نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کے میمو کا خیر مقدم کیا گیا ہے اور انہوں نے محکمہ پولیس اور میئر کا شکریہ ادا کیا ہے۔ایک رپورٹ کے مطابق نیویارک میں ساڑھے 7 لاکھ سے زائد مسلمان آباد ہیں جب کہ وہاں پونے تین سو سے زائد مساجد اور اسلامک سینٹرز قائم ہیں۔