وزیر اعلیٰ نے آبی وسائل اور چھوٹے آبی وسائل محکمہ کی جائزہ میٹنگ کی

TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –01  AUG     

پٹنہ، 01اگست، 2023:-وزیر اعلیٰ جناب نتیش کمار نے 1انے مارگ واقع سنکلپ میں آبی وسال اور چھوٹے آبی وسائل محکمہ کی جائزہ میٹنگ کی ۔ اس دوران وزیر اعلیٰ نے خریف آبپاشی 2023کی موجودہ صورتحال کی جانکاری لی اور افسران کو ضروری ہدایات دیے ۔
میٹنگ میں وزیر اعلیٰ کو آبی وسائل اور چھوٹے آبی وسائل محکمہ کے ایڈیشنل چیف سیکریٹری جناب چیتنیے پرساد نے محکمہ کے ذریعہ کیے جارہے کام کی حقیقی صورتحال کی تفصیلی جانکاری دی ۔
آبی وسائل محکمہ کے انجینئر چیف مسٹر ایشور چندر ٹھاکر نے پرزنٹیشن کے توسط سے آبی وسائل محکمہ کے تحت کیے جارہے آبپاشی کے کام کی موجودہ صورتحال کی جانکاری دی ۔ انہوں نے سون بیراج ، گنڈک بیراج ، کوسی بیراج اور دیگر ڈیم ؍ بیر سے آبپاشی کام میں سے مستفید ہو نے والے اضلاع کی حالت کی جانکاری دی ۔ ہر کھیت تک آبپاشی کا پانی پہنچانے کے نشانہ کے حصول کے لیے کیے جارہے کام ، آبی ذخائر میں پانی ذخیرہ کر نے کی صلاحیت کی موجودہ فیصد وغیرہ کے بارے میں تفصیلی معلوما ت فراہم کرائی ۔
چھوٹے آبی وسائل محکمہ کی اسپیشل سیکریٹری مسز اشیما جین نے پرزنٹیشن کے توسط سے چھوٹے آبی وسائل محکمہ کے تحت آبپاشی کے لیے کیے جارہے کام کی موجودہ حالت کی جانکاری دی ۔ انہوں نے تمام اضلاع کے پانی کی زمینی سطح کی حالت ، سرکاری نل کوپوں کی حالت ، جل ، جیون ، ہریالی مہم کے تحت آہر ، پائن ،تالاب وغیرہ میں پانی ذخیرہ کی موجودہ حالت وغیرہ کے بارے میں تفصیلی جانکاری دی ۔
میٹنگ میں وزیر اعلیٰ نے افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ زیادہ سے زیادہ علاقوں میں آبپاشی کا انتظام کرائیں ،تاکہ کسانوں کو زراعت کے کاموں میں سہولت ہو ۔ کم بارش کے سبب پیدا شدہ حالات کو ذہن میں رکھتے ہوئے آبپاشی کے لیے جو بھی ضروری اور مفید کام ہے اس پر فوری کارروائی کریں ۔ پہاڑی علاقوں کے نشیبی حصوں میں پانی ذخیرہ کے علاقوں کو فروغ دیں ۔ انہوں نے کہا کہ پہلے سے چلائے جارہے آبپاشی منصوبے پوری صلاحیت کے ساتھ کام کریں، یہ یقینی بنائیں۔ سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ کے توسط سے صاف کیے گئے پانی کا استعمال بھی زراعت کے کام کے لیے کرائیں ۔ نہروں کی صفائی کے کام پر توجہ دیں ۔ ہر کھیت تک آبپاشی کا پانی پہنچانے کے لیے نشانہ کے مطابق تیزی سے کام کریں ۔ ہر کھیت تک آبپاشی کا پانی پہنچ جائے گا تو اس سے کسانوں کو بہت فائدہ ہو گا ۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ لوگوں کی سہولت اور ان کے مفاد میں ہم مسلسل کام کر تے رہتے ہیں ۔ کسانوں کو زراعت کے کام کے لیے ڈیزل سبسڈی فراہم کے ساتھ ساتھ آبپاشی کے کام کے لیے ضرورت کے مطابق بجلی کی فراہمی کی جارہی ہے ۔ ہم لوگوں کا مقصد ہے کہ کسانوں کی دھان روپائی میں سہولت ہو ۔
میٹنگ میں آبی وسائل کے وزیر جناب سنجے کمار جھا ، چھوٹے آبی وسائل کے وزیر جناب جینت راج ، وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سیکریٹری جناب دیپک کمار ، چیف سیکریٹری جناب عامر سبحانی ، آبی وسائل اور چھوٹے آبی وسائل محکمہ کے ایڈیشنل چیف سیکریٹری مسٹر چیتنئے پرساد ، وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سیکریٹری مسٹر دیپک کمار ، مالیات محکمہ کے پرنسپل سیکریٹری جناب اروند کمار چودھری ، وزیر اعلیٰ کے سیکریٹری مسٹر انوپم کمار ، وزیر اعلیٰ کے او ایس ڈی مسٹر گوپال سنگھ ، چھوٹے آبی وسائل محکمہ کی اسپیشل سیکریٹری مسز اشیما جین ، دیگر سینئر افسران اور انجینئر موجود تھے ۔