TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –18AUG
سری نگر،18اگست: جموں وکشمیر پولیس نے شمالی قصبہ سوپور میں لشکر طیبہ سے وابستہ دو جنگجو معاونین کو گرفتار کرکے ان کی تحویل سے اسلحہ و گولہ بارود بر آمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اور فوج کی 52 آر آر کی ایک مشترکہ پارٹی نے شیر کالونی تارزو میں قائم ایک چیک پوائنٹ پر دو مشتبہ افراد کو روکا جنہوں سیکورٹی فورسز کو دیکھتے ہی فرار ہونے کی کوشش کی۔انہوں نے بیان میں کہا: ‘تاہم سیکورٹی فورسز اہلکاروں نے دونوں کو بر سر موقع ہی دھر لیا’۔ بیان میں گرفتار شدگان کی شناخت منظور احمد بٹ ولد عبدالرشید بٹ اور تنویر احمد لون ولد غلام محمد لون ساکنان در نبمل تارزو کے بطور کی گئی۔ پولیس بیان میں کہا گیا کہ دونوں کا تعلق کالعدم جنگجو تنظیم لشکر طیبہ سے ہے۔انہوں نے کہا کہ تلاشی کے دوران ان کی تحویل سے 2 گرینیڈ، 8 پستول اور دوسرا قابل اعتراض مواد بر آمد کیا گیا۔ بیان کے مطابق اس سلسلے میں متعلقہ دفعات کے تحت ایک کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی گئی ہے۔