یہ آنے والا وقت ہی بتائے گا

TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN -28 AUG      

رواںسال کے آخر میں ملک کی پانچ ریاستوں میں اسمبلی انتخابات ہونے ہیں۔ مدھیہ پردیش بھی ان ریاستوں میں سے ایک ہے، جہاں مختلف سیاسی پارٹیاں ووٹروں کو راغب کرنے کے لیے طرح طرح کے وعدے اور گارنٹیاں دے رہی ہیں۔گزشتہ اتوار کو بی جے پی حکومت نے جہاں ایک طرف خواتین کے لیےاعزازی رقم، سستی گیس سلنڈر اور سستی بجلی فراہم کرنے کا وعدہ کیاتو دوسری طرف کاگریس نے اپنی انتخابی گارنٹیوں کو چھ سے بڑھا کرگیارہ کردیاہے۔ دریں اثنا،  یہ جاننا دلچسپ ہوگا کہ سیاسی جماعتیں کیسے کیسے لبھاؤنے وعدے کر رہی ہیں اور ا ن کے جواب میں دوسری جماعتیںکیا کر رہی ہیں؟
  وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان نے اتوار کو بھوپال کے جمبوری میدان میں’’ لاڈلی بہنا سمیلن ‘‘میں کئی اعلانات کیے۔ انہوں نے  رکھشا بندھن کے موقع پر خواتین کے کھاتوں میں 312.64 کروڑ روپے کی رقم جمع کرائی۔اس دوران وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مکھیہ منتری لاڈلی بہنا یوجنا کے تحت بہنوں کو ماہانہ 1000 روپے کی رقم دی جا رہی ہے۔ وہ رقم اکتوبر کے مہینے سے 1250 روپے کر دی جائیگی۔  راکھی کے تہوار پر ہر بہن کو 250 روپے بطور تحفہ دیا جا رہا ہے۔ 10 ستمبر کو بہنوں کے کھاتوں میں ایک ہزار روپے جمع کرائے جائیں گے۔  اس کے بعد اکتوبر کے مہینے سے 1250 روپے کی رقم دی جائے گی۔
  دراصل ریاست کی اہم اپوزیشن پارٹی کانگریس اس بار ریاست میں چھ انتخابی گارنٹیوں کے ساتھ انتخابات میں اتری ہے۔  لاڈلی بہنا کے بعد کانگریس نے’’ ناری سمان یوجنا‘‘کا اعلان کیا ہے۔ اس میں انہیں 1500 روپے ماہانہ دینے کا وعدہ کیا گیا تھا۔ پارٹی کی جانب سے ہزاروں خواتین کے فارم بھرے گئے۔ تاہم اتوار کو وزیر اعلیٰ نے لاڈلی بہنا کی رقم بڑھا کر 1250 روپے کر دی ہے۔ وزیر اعلیٰ کئی بار اسے 3000 تک کرنے کا اعلان کر چکے ہیں۔ ایک اور اعلان میں وزیراعلیٰ نے ساون کے موقع پرپیاری بہنوں کو 450 روپے میں کھانا پکانے کا گیس سلنڈر دینے کا وعدہ کیاہے۔اِدھرکانگریس کی انتخابی گارنٹیوں میں سے ایک سستی قیمت پر کھانا پکانے کے گیس سلنڈر فراہم کرنا تھا۔ کانگریس نے وعدہ کیا تھا کہ اگر ریاست میں اس کی حکومت آتی ہے تو خواتین کو 500 روپے میں سلنڈر دیا جائے گا۔ اب بی جے پی حکومت نے اسے مزید 50 روپے کم کرنے کا اعلان کیا ہے۔وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ کے مطابق ان کی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ بجلی کے بڑھے ہوئے بلوں کی وصولی نہیں ہوگی۔ ساتھ ہی غریب بہنوںکا بل ہر ماہ 100 روپے آئے، اس کا انتظام کیا جائے گا۔ دوسری جانب اس سے پہلے کانگریس نے 100 یونٹ بجلی مفت دینے اور 200 یونٹ تک کا آدھا بل معاف کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اس کے جواب میں وزیراعلیٰ نے بجلی کا بل 100 روپے ماہانہ کرنے کا اعلا ن کردیاہے ۔
ایسے میں عام آدمی پارٹی کے کنوینر اور دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال بھلا کیوں خاموش رہتے۔وہ گزشتہ اتوار کو ستنا کے دورے پر تھے۔وہاں انہوں نے بے روزگار نوجوانوں کو 3,000 روپے ماہانہ الاؤنس کے علاوہ مفت بجلی، طبی علاج اور معیاری اسکولوں کی تعمیر سمیت متعد د ’’گارنٹیوں‘‘ کی یقین دہانی کرائی۔ کیجریوال نے کہا کہ اگر عام آدمی پارٹی کی حکومت بنی تومفت تعلیم فراہم کرنے کے لیے معیاری اسکول بنائے گی۔ہم ہسپتالوں میں 20 لاکھ روپے کی لاگت کے ٹیسٹ اور سرجری سمیت مفت علاج فراہم کریں گے اور بے روزگار نوجوانوں کو ماہانہ 3,000 روپے کا بے روزگاری الاؤنس فراہم کریں گے۔ دوسری طرف، 17 جولائی کو، وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان نے شاجاپور ضلع میں ریاست کے پہلے سی ایم رائز اسکول کا افتتاح کیا۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر کہا کہ سی ایم رائز سکولوں کے توسط سے عالمی معیار کی تعلیم مفت فراہم کرائی جائے گی۔ غریبوں کے بچے یہاں مفت تعلیم حاصل کریں گے۔ سی ایم رائز اسکول کا مطلب ہے شاندار عمارت، اچھا کلاس روم، اسمارٹ کلاس، دہلی اورممبئی کے اساتذہ اسمارٹ کلاس میں بیٹھ کر آن لائن پڑھا ئیں گے۔ ہر اسکول میںلیبارٹری، کھیل کا میدان، اچھی لائبریری اورایک سوئمنگ پول ہوگا۔ان اسکولوں تک پہنچنے کے لیے بسیں چلائی جائیں گی۔ بچوں کو بس سے گھر لے جائیں گے، سکول چھوڑیں گے۔
بجلی کے محاذ پرعام آدمی پارٹی لیڈر نے 24 گھنٹے بلا تعطل سپلائی کے ساتھ 300 یونٹس تک مفت بجلی کا وعدہ کیا ہے۔ساتھ ہی انھوں نے وعدہ کیا ہے کہ اگر عام آدمی پارٹی اقتدار میں آتی ہے تو 30 نومبر تک کے بقایا بجلی بلوں کو معاف کر دیا جائے گا۔ عارضی یا کنٹریکٹ پر کام کر رہے ملازمین کی سروس کو دہلی اور پنجاب کی طرز پر ریگولر کر دیا جائے گا۔دوسری جانب کچھ دن پہلے شیوراج حکومت نے ریاست کے کنٹریکٹ ملازمین کے لیے کہا تھا کہ اب ریاست میں کنٹریکٹ ملازمین کا سالانہ معاہدہ ختم کر دیا گیا ہے۔ اب ریاست کے 1.25 لاکھ سے زیادہ کنٹریکٹ ملازمین کو 90 فیصد کے بجائے 100 فیصد تنخواہ دی جائے گی۔انھیں ریگولر ملازمین کی طرح تنخواہ، الاؤنس، گریجویٹی اور انشورنس دیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ کنٹریکٹ ملازمین کو بھی چھٹیاں، سی ایل، ای ایل، اختیاری چھٹی اور ریگولر ملازمین کی طرح ہمدردانہ تقرریاں دی جائیں گی۔انھوں بڑے بزرگوں کو ’’تیرتھ درشن منصوبہ‘‘ بھی شروع کرنے کا اعلان کیاہے۔ اس کے جواب میں کیجریوال نے کا کہنا ہے کہ ہماری حکومت ڈیوٹی کے دوران شہید ہونے والے فوجیوں اور کانسٹیبلوں کو ایک کروڑ روپے کا اعزازیہ دے گی۔انتخابات کے موقع پر اس طرح سے لبھاونے وعدوں کے معاملے میں مذکورہ تینوں سیاسی جماعتوں میں ایک دوسرے پر سبقت لے جانے کی ہوڑ مچی ہوئی ہے۔ اب اس ہوڑ کے درمیان مدھیہ پردیش کے رائے دہندگان کس پر زیادہ بھروسہ کرتے ہیں، یہ آنے والا وقت ہی بتائے گا۔
*********